جاریہ سال 50 ہزار رجسٹریشن کم ہوئے ، آمدنی میں 20 فیصد اضافہ
حیدرآباد یکم جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں رئیل اسٹیٹ کی سرگرمیوں میں کمی کے نتیجہ میں جائیدادوں و اراضیات کے رجسٹریشن میں قابل لحاظ کمی ہوئی ہے ۔ باوجود اس کے محکمہ رجسٹریشن کی آمدنی میں 500 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالیاتی سال 2025-26 کے دوران گزشتہ سال کے مقابلہ 50,000 دستاویزات کے رجسٹریشن میں کمی ہوئی ہے ۔ تاہم مجموعی آمدنی میں اضافہ ہوا ۔ حکومت نے جاریہ مالیاتی سال 19100 کروڑ آمدنی کا نشانہ مکمل کیا تھا۔ 2024-25 کے دوران محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کو 14230 کروڑ کی آمدنی ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق 2025-26 کیلئے آمدنی کے طئے شدہ نشانہ کے برخلاف تاحال محکمہ کو 11200 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ تین ماہ میں مزید 7800 کروڑ کی آمدنی کا حصول آسان نہیں ہے جس کے ذریعہ 19100 کروڑ کے نشانہ کی تکمیل کی جاسکتی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق اپریل ، مئی ، ستمبر اور نومبر میں رجسٹریشن کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ باقی مہینوں میں رجسٹریشن میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ 30 ڈسمبر 2025 تک 12.50 لاکھ جائیدادوں کا رجسٹریشن مکمل ہوا جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 13 لاکھ تھی۔ جاریہ سال محکمہ کو 11100 کروڑ کی آمدنی ہوئی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 10500 کروڑ کی آمدنی ہوئی تھی ۔ دستاویزات کے رجسٹریشن کے تحت رہائشی اور کمرشیل جائیدادوں کے علاوہ میوٹیشن اور میریج رجسٹریشن شامل ہیں۔ ڈسمبر کے دوران رجسٹریشن کی تعداد کم رہی اور گزشتہ سال 1.15 لاکھ رجسٹریشن کے مقابلہ اس مرتبہ صرف ایک لاکھ رجسٹریشن انجام پائے ۔ نومبر میں گزشتہ سال کے مقابلہ رجسٹریشن کی تعداد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ 1.30 لاکھ رجسٹریشن کی تکمیل ہوئی۔ مئی کے مہینہ میں 1.61 لاکھ رجسٹریشن کئے گئے جبکہ گزشتہ سال اسی مہینہ میں رجسٹریشن کی تعداد 1.50 لاکھ رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سابق میں جائیدادوں خریدی کے رجسٹریشن کیلئے مارکٹ ویلیو سے رقم ادا کی جاتی رہی جبکہ موجودہ حالات میں زیادہ تر افراد ہوم لون اور پراپرٹی لون کو ترجیح دے رہے ہیں۔ قرض کی صورت میں اراضی کی ملکیت کو زائد پیش کیا جاتا ہے۔
