حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت سمجھا جاتا ہے کہ غیر منقولہ جائیدادوں کی مارکٹ قیمت میں اضافہ کرنے پر غور کررہی ہے ۔ حکومت کے ذرائع کے مطابق ریاست میں تمام سب رجسٹرارس کو جائیدادوں کی مارکٹ قیمتوں میں اصافہ کرنے کے سلسلہ میں تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ حکومت نے کھلے پلاٹس کی مارکٹ قیمت میں 150 فیصد تک فلیٹس کی قیمت میں 50 فیصد اور زراعت کی زمین کے لیے 3 لاکھ روپئے فی ایکر اضافہ کرتے ہوئے سب رجسٹرارس کو رہنمایانہ خطوط جاری کردئیے ہیں ۔ حکومت نے نظر ثانی قیمتوں کو محسوب کرنے کے لیے سب رجسٹرارس کو ایک خاص ’ فارمولہ ‘ بھی بھیجا ہے ۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ تجاویز کی تیاری میں تیزی پیدا کی جائے اور انہیں قطعی منظوری کے لیے اعلیٰ عہدیداروں کے پاس روانہ کیا جائے ۔ ذرائع نے کہا کہ اگر اس طرح کی نظر ثانی مارکٹ قیمتوں پر عمل درآمد کیا گیا تو جائیدادوں کے رجسٹریشن کے اخراجات میں بہت اضافہ ہوسکتا ہے ۔ کھلے پلاٹس خریدنے والوں کو مارکٹ قیمت میں 150 فیصد اضافہ کی وجہ رجسٹریشن چارجس اور اسٹامپ ڈیوٹی کے لیے ہونے والے بھاری اخراجات برداشت کرنا ہوگا ۔ فلیٹ خریدنے والوں کو بھی رجسٹریشن کے اضافی چارجس برداشت کرنا ہوگا ۔۔