تلنگانہ میں جاب کیلنڈر تیار، ریونت ریڈی عنقریب جاری کرینگے

   

پہلے مرحلہ میں 18 ہزار جائیدادوں کی نشاندہی، آئندہ اگسٹ تک تقررات، اعلامیہ کے 4 ماہ میں تکمیل
حیدرآباد 4 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے بی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے دباؤ کے پیش نظر پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تقررات سے متعلق جاب کیلنڈر کو قطعیت دے دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرون 3 یوم 18 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کا کیلنڈر جاری کردیا جائیگا جو گروپ I ، II ، III اور IV جائیدادوں پر مشتمل رہے گا۔ عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ کی جانب سے گزشتہ دنوں بھوک ہڑتال کو بی جے پی اور بی آر ایس نے سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں طلبہ میں بے چینی پیدا ہوگئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جاب کیلنڈر اجرائی کے وعدے کی تکمیل کیلئے اہم سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ ذرائع کے بموجب چیف منسٹر نے نوجوانوں میں پھیلی بے چینی دور کرنے پہلے مرحلہ میں 18 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ بنایا ہے۔ آئندہ سال اگسٹ تک مرحلہ وار طور پر تقررات عمل میں آئیں گے۔ اعلامیہ کی اجرائی کے اندرون 4 ماہ تقررات کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ حکومت نے تمام سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ حکومت جن جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے اُن میں ٹیچرس، جونیر اور ڈگری کالجس کے لکچررس، پالی ٹکنک کی مخلوعہ جائیدادیں شامل ہیں۔ حکومت نے بیروزگار نوجوانوں میں بے چینی دور کرنے کیلئے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے پروفیسر کوڈنڈا رام کو متحرک کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یونیورسٹی میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے بارے میں فیصلہ گورنر کے پاس زیرالتواء بل کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ سابق حکومت نے یونیورسٹیز میں تقررات کیلئے کامن رکروٹمنٹ بورڈ کی تشکیل کا بل منظور کیا تھا جو گورنر کی منظوری کا منتظر ہے۔ 1