تلنگانہ میں جاب کیلنڈر کی تیاری کے کام میں تیزی

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی عہدیداروں سے مشاورت، اندرون دو ہفتے اجرائی کا امکان
حیدرآباد۔/2 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایک سال میں 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کے وعدہ کی تکمیل کیلئے حکومت جاب کیلنڈر کی تیاری میں مصروف ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تقررات کے سلسلہ میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اور اہم محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور توقع ہے کہ عنقریب جاب کیلنڈر کو قطعیت دی جائے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اندرون دو ہفتے باقاعدہ جاب کیلنڈر جاری کردیا جائے گا جس کے مطابق تلنگانہ کے سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے امتحانات منعقد ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ کی جانب سے احتجاج کے پیش نظر چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ جاب کیلنڈر کی تیاری کا کام جلد مکمل کریں۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ امتحانات اور تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ پبلک سرویس کمیشن کے علاوہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ، اقامتی اسکول سوسائٹی ریکروٹمنٹ بورڈ، ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ، میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسیس ریکروٹمنٹ بورڈ اور محکمہ برقی کی جانب سے علحدہ تقررات کئے جائیں گے۔ جاب کیلنڈر میں تمام ریکروٹمنٹ بورڈز کے تحت جائیدادوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے گزشتہ ابتدائی 100 دنوں میں جاری کردہ 2892 احکامات تقرر کی تفصیلات بیروزگار نوجوانوں میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حکومت کی سنجیدگی کو ثابت کیا جاسکے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پبلک سرویس کمیشن گروپ II امتحانات کے اگسٹ میں انعقاد کے اقدامات کررہا ہے۔ سابق میں ملتوی کئے گئے گروپ 4 امتحانات کے نتائج جاری کئے گئے۔ اقامتی اسکولوں میں مختلف زمرہ جات کے تحت جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری ہے۔ حکومت جاب کیلنڈر کی اجرائی کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کو مطمئن کرنا چاہتی ہے۔ 1