24 گھنٹوں میں 6 اموات، جی ایچ ایم سی حدود میں 283 نئے مریض
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں جاریہ سال کورونا کے کیسیس کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو حکومت اور عوام دونوں کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ ریاست میں کوویڈ 19کے 1,078 نئے معاملات درج کئے گئے ہیں جس کے بعد ریاست میں معاملات کی تعداد بڑھ کر 3,10,819 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں بہ حیثیت مجموعی اموات کی تعداد بڑھ کر1,712 ہوگئی ہے کیونکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں 331 افراد روبہ صحت ہوئے ہیں جس کے بعد ریاست میں اب تک اس مرض سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3,02,207 ہوگئی ہے ۔ریاست میں فعال کیسیس کی تعداد 6,900 ہے جن میں 3,116 مریض گھروں پر یا پھر اسپتالوں میں الگ تھلگ رکھے گئے ہیں جہاں ان کا علاج کیاجارہا ہے ۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 59,705کووڈ 19کے معائنے کئے گئے تاہم2,129 نمونوں کی رپورٹس کا انتظار ہے ۔ بہ حیثیت مجموعی 1,03,29,954 نمونوں کی جانچ ریاست میں اس مرض کے پھیلنے کے بعد سے کی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 283 نئے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ بقیہ معاملات ریاست کے دیگر اضلاع میں درج کئے گئے۔ تین بڑے شہری علاقوں جی ایس ایم سی کے بشمول رنگاریڈی اور مڑچل۔ ملکاجگری ہر روز کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مڑچل ۔ ملکاجگری ضلع میں 113 نئے کیسیس درج کئے گئے ہیں جبکہ رنگاریڈی ضلع میں 104 نئے مریضوں کی اطلاع ہے۔ عادل آباد سے 25 پازیٹیو کیسیس کی اطلاع ہے جبکہ بھدرادری کتاگوڑم سے 6، جگتیال سے 40، جنگاؤں سے 8، جئے شنکر بھوپلی سے 12، جوگولامبا گدوال سے 8، کاماریڈی سے 23، کریم نگر سے 34 ، کھمم سے 20، کومارم بھیم آصف نگر سے 2، محبوب نگر سے 24، محبوب آباد سے 6، منچریال 20، میدک سے 12، ناگرکرنول سے 12، نلگنڈہ سے 33، نارائن پیٹ سے 7، نرمل سے 40، نظام آباد سے 75 پداپلی سے 11، راجنا سرسلہ سے 15، سنگاریڈی سے 46، سدی پیٹ سے 13، سوریہ پیٹ سے 13، وقار آباد سے 10 اور ونپرتی سے 8 کے علاوہ ورنگل رورل سے 8 اور ورنگل اربن سے 27 نئے مریضوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ سے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔