تلنگانہ میں جاریہ ماہ بی جے پی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز

   

وزیراعظم مودی کے جلسوں کے لیے ورنگل ، کریم نگر اور نظام آباد پر غور
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں بی جے پی جاریہ ماہ سے انتخابی مہم کا عملاً آغاز کررہی ہے ۔ جون میں ریاست کے تین پارلیمنٹ حلقوں میں وزیراعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے علاوہ دیگر قائدین کے جلسے اور روڈ شو کا اہتمام کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت کی 9 سالہ کارکردگی کو عوام کے درمیان پہونچانے کا بی جے پی قیادت نے فیصلہ کیا ہے ۔ اس تناظر میں بی جے پی ملک بھر میں ایک ماہ تک ’ مہاجنا سمپرک ابھیان ‘ پروگرام کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی پروگرام کے حصہ کے طور پر وزیراعظم نریندر مودی کے دورے تلنگانہ کی منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے ۔ جاریہ سال تلنگانہ کے ساتھ راجستھان ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ ، میزورم میں انتخابات منعقد ہورہے ہیں ۔ ان ریاستوں میں وزیراعظم کی ریالیوں کے ساتھ روڈ شو کا انعقاد کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ جون کے اواخر میں تلنگانہ میں وزیراعظم کے دورے کا پلان تیار کیا جارہا ہے ۔ ملک کے 543 لوک سبھا کے 80 کروڑ عوام تک بی جے پی نے پیغام پہونچانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے تین لوک سبھا حلقوں ورنگل ، کریم نگر یا نظام آباد میں وزیراعظم کا پروگرم منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ نریندر مودی ان تینوں پارلیمانی حلقوں کے ایک حلقہ میں ریالی ، روڈ شو یا جلسہ عام میں حصہ لیں گے ۔ جنوبی ہند میں بی جے پی صرف کرناٹک میں برسر اقتدار تھی حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست ہوجانے کے بعد بی جے پی کا جنوبی ہند میں وجود خطرے میں پڑ گیا ہے ۔ اس لیے بی جے پی جنوبی ہند میں اپنے وجود کا احساس دلانے کے لیے تلنگانہ میں اپنی ساری طاقت جھونک دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اگر اس دوران مرکزی کابینہ کی توسیع ہوتی ہے تو تلنگانہ سے مزید ایک قائد کو مرکزی کابینہ میں شامل کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے انتخابات اور دوباک و حضور آباد کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی ، منوگوڑہ کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی نے حکمران جماعت بی آر ایس کو کانٹے کی ٹکر دی ہے ۔ جس کے بعد بی جے پی کی قومی قیادت تلنگانہ سے امیدیں وابستہ کرلی ہے ۔ ماہ جون میں منعقد ہونے والے ایک ماہی پروگرام کے دوران وزیراعظم مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا ، مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ ، نرملا سیتارامن ، سمرتی ایرانی کے علاوہ بی جے پی کے دیگر قومی قائدین تلنگانہ کا دورہ کریں گے ۔ ساتھ ہی تلنگانہ میں بی جے پی قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیوں سے بھی بی جے پی قیادت فکر مند ہے ۔ پارٹی کے اندرونی خلفشار کو دور کرنے کے لیے بی جے پی کے قومی قائدین ترون چوگ اور بنسل کو خصوصی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ وہ حیدرآباد پہونچکر پارٹی کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کریں گے اور اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ اس ایک ماہی پروگرام کے دوران دوسری پارٹیوں کے قائدین کی بی جے پی میں شمولیت کے لیے بھی راہ ہموار کریں گے ۔۔ ن