آج سے 3 اپریل تک شہر و اضلاع میں موسم میں تبدیلی کی پیش قیاسی
حیدرآباد 29 مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ ہفتہ غیر موسمی بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ اتوار کو گرما کی شدت میں اضافہ کے بعد 30 مارچ سے موسم میں تبدیلی کے آثار ہیں اور امکان ہے کہ 30 مارچ تا 3اپریل دونوں شہروں و بیشتر اضلاع بالخصوص شمالی تلنگانہ اور جنوبی تلنگانہ اضلاع میں غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا ۔ خانگی ماہرین کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ 30 و 31 مارچ کو تمام اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے اور ژالہ باری کے متعلق بھی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ بتایاگیا کہ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں 29مارچ کو درجہ حرارت 40ڈگری سے تجاوز ہونے کے سبب شہر کی سڑکوں پر ٹریفک محدود رہی جبکہ دونوں شہروں کے کئی علاقوں گرم ہوائیں شام تک بھی محسوس کی جاتی رہیں۔ کہاگیا کہ آئندہ دو یوم بارش کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی اور بارشوں سے گرما کی شدت میںوقتی طور پر کمی ہوسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میںشہر حیدرآباد میں کئی مقامات پرہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے اور یہ سلسلہ 3اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بتایا گیا کہ گھن‘ گرج اور چمک کے ساتھ ان بارشوں کے ساتھ 40 تا 50کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیزہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ہے۔ ان غیر موسمی بارشوں کے سبب آم کی فصل کے علاوہ دیگر زرعی فصلوں کو شدید نقصانات کا خدشہ ہے ۔3