دیگر ریاستوں کو بھی آشا ورکرس کے ذریعہ سروے کروانے کا مشورہ
حیدرآباد۔مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں گھر گھر سروے اور بخار اور سردی کی جانچ کی سراہنا کرتے ہوئے دیگر ریاستوں کو مشورہ دیا جانے لگا ہے کہ وہ بھی بخار اور وائرل امراض میں مبتلاء شہریوں کی جانچ کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں اور گھر گھر جانچ کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کے کئی اقدامات کی وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق میں بھی ستائش کی ہے اور اب مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کی دیگر ریاستوں کو مشورہ دیا جا رہاہے کہ وہ تلنگانہ کے طرزپر گھر گھر سروے کریں۔ حکومت تلنگانہ کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں تجرباتی اساس پر 29ہزار ٹیموں کے ساتھ گھر گھر سروے کیا گیا اور جن گھروں میں ضرورت محسوس کی گئی ہے ان کو ادویات کی فراہمی کی گئی ہے ۔اس کے بعد دیگر اضلاع و بلدیات میں بھی گھر گھر سروے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ جن لوگوں کو بخار ‘ سردی ‘ زکام یا دیگر علامات ہیں ان کو قرنطینہ کا مشورہ دے کر ادویات دی جائیں تاکہ حالات پر قابو کیا جاسکے۔ مرکزی وزارت صحت سے دیگر ریاستو ں کو ہدایا ت جاری کی گئی ہیں کہ وہ اسی طرح سے اپنی اپنی ریاستو ںمیں آشا ورکرس کی خدمات حاصل کرکے سروے کروائیں اور جن گھروں میں مریض موجود ہیں ان کی تفصیلات کے حصول کے ساتھ مریضوں کیلئے ادویات کی فراہمی اور صحت بخش غذاء کے علاوہ دیگر طبی مشوروں کو یقینی بنائیں۔