تلنگانہ میں جاپانی کمپنی توشیبا کی 562 کروڑ کی سرمایہ کاری

   

ریاستی وزیر سریدھر بابو نے سنگا ریڈی میں برقی پلانٹ کا افتتاح کیا، تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ عالمی مینوفیکچرنگ ہب میں تبدیل ہورہا ہے اور حکومت اس سلسلہ میں جامع منصوبہ سازی کر رہی ہے۔ سریدھر بابو نے آج سنگا ریڈی کے ردرارم میں توشیبا (TOSHIBA) ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن پرائیوٹ لمٹیڈ میں 177 کروڑ سے توسیعی منصوبہ کا افتتاح کیا۔ کمپنی کی جانب سے پاور ٹرانسفارمر پلانٹ قائم کیا گیا ہے جس سے برقی کی پیداوار میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ تیزی سے ملک کے مینوفیکچرنگ سنٹر میں تبدیل ہورہا ہے اور کئی عالمی اداروں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھائی ہے۔ 2024-25 کے دوران تلنگانہ حکومت کو صنعتی شعبہ میں 2.77 لاکھ کروڑ کی ترقی کا امکان ہے اور اس میں 48 فیصد حصہ داری مینوفیکچرنگ شعبہ کی ہے۔ گزشتہ 9 ماہ میں ایک لاکھ کروڑ کی درآمدات ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سروے کے مطابق 2040 تک ملک میں گھریلو برقی کی طلب دوگنی ہوجائے گی۔ تلنگانہ حکومت برقی طلب سے نمٹنے کیلئے نئی صنعتوں کو قیام کی دعوت دے رہی ہیں۔ تلنگانہ کو کلین اینڈ گرین اینرجی کی تیاری کے مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے پالیسی تیار کی گئی۔ کلین اینرجی کے شعبہ میں تاحال 29 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2030 تک 20,000 میگاواٹ نئی قابل تجدید برقی کی تیاری کی صلاحیت پیدا کی جائے گی۔ حکومت نے گرین اینرجی اکوپمـنٹ زون کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس میں توشیبا جیسے عالمی ادارے سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول ہے۔ انہوں نے جاپانی کمپنی کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ حالیہ دورہ جاپان کے موقع پر توشیبا نے تلنگانہ میں 562 کروڑ کی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری سنجے کمار ، جاپان کے سفارت خانہ میں اکنامک ڈیولپمنٹ منسٹر کیوکو ہوکوگو، کارپوریٹ وائس پریسیڈنٹ توشیبا کارپوریشن ہیروشی کانیتا، ریاستی وزیر لیبر ویویک وینکٹ سوامی اور کلکٹر سنگا ریڈی پراونیا اور دوسرے موجود تھے۔1