551 نئے پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر، 9 برسوں میں 59 ہزار کروڑ کا بجٹ، 48 ہزار جائیدادوں پر تقررات
حیدرآباد۔/3 جون، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر حکومت نے گذشتہ 9 برسوں کے دوران ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال پر تفصیلی نوٹ جاری کرتے ہوئے جرائم پر قابو پانے اور پولیس کو عصری بناتے ہوئے امن و ضبط کی بحالی کا دعویٰ کیا ہے۔ حکومت کے مطابق گذشتہ 9 برسوں میں محکمہ پولیس کو 59200 کروڑ بجٹ جاری کیا گیا اور گذشتہ 9 برسوں میں 775 کروڑ کے مصارف سے 551 پولیس اسٹیشن تعمیر کئے گئے۔ صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے انتہائی عصری سہولتوں کے ساتھ پولیس کمانڈ کنٹرول قائم کیا گیا اور دارالحکومت حیدرآباد میں جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے۔ ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو کمانڈ کنٹرول سے مربوط کیا گیا ہے۔ تلنگانہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ 48096 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ ریاست میں خواتین کے تحفظ کیلئے331 شی ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور 12 بھروسہ سنٹر قائم کئے گئے۔ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ امن و ضبط کی بحالی اور عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ خواتین کے خلاف جرائم پر قابو پانے میں پولیس کو بڑی حد تک مدد ملی ہے۔ بین الاقوامی طرز کا پولیس کمانڈ کنٹرول حیدرآباد میں تعمیر کیا گیا جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے لمحہ لمحہ کی صورتحال پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ تاحال 10 لاکھ 66 ہزار 792 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ایک ہزار افراد کیلئے 30 سی سی ٹی وی کیمرے احاطہ کریں گے۔ کیمروں کی تنصیب میں حیدرآباد ملک میں سرفہرست ہے۔ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ جرائم کی شرح میں 32.94 فیصد کی کمی آئی ہے۔ قتل کے واقعات میں 19.42 فیصد اور خواتین پر مظالم کے واقعات میں 40 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔