حیدرآباد۔/9 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ملک میں تلنگانہ تعلیمی میدان میں دوسرا مقام حاصل ہے۔ عنقریب 9 نئی خانگی یونیورسٹیوں کاقیام عمل میں لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر اعلیٰ تعلیم نوین متل نے کیا۔ انہوں نے تلنگانہ فیوچر ایجوکیشن سمٹ سے خطاب میں کہا کہ آج دنیا بھر کے معروف ادارے ڈگری نہیں بلکہ قابلیت اور صلاحیت کو اہمیت دے رہے ہیں۔ تعلیمی قابلیت کے ساتھ مہارت اور خصوصی صلاحیت پیدا کئے بغیر مقصد کا حصول مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد عنقریب تعلیمی دارالحکومت بن جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ تیزی سے بدلتے حالات کے مطابق تعلیمی میدان میں بھی تبدیلیاں ناگزیر ہیں اور ان تبدیلیوں کے ساتھ خود کو بدلنا وقت کی ضرورت ہے۔ ڈگری کورسیس میں کلسٹر سسٹم پر عمل کرکے طلبہ کو ان کے پسندیدہ کورسیس میں داخلہ کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ یہ اجلاس انڈین چیمبر آف کامرس اور تلنگانہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔ ع