ریونیو ایکٹ میں عہدیداروں کو پابند کیا جائے، غریبوں کی اراضیات کا تحفظ ضروری
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ میں جمہوریت کے قتل کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اسمبلی میں میڈیا کے داخلہ کو روکتے ہوئے ٹی آر ایس نے جمہوری ادارہ کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی سے میڈیا پوائنٹ کی برخاستگی کا اقدام بدبختانہ ہے۔ میڈیا جمہوریت کا حصہ ہے۔ ایک طرف حکومت اپوزیشن کو اظہار خیال سے روکنا چاہتی ہے دوسری طرف میڈیا کو عوام کے حقیقی مسائل پیش کرنے سے روک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اظہار خیال کا موقع نہ ملنے پر ارکان میڈیا پوائنٹ پر اپنی بات پیش کرتے ہیں تاکہ عوام تک پہنچ سکے لیکن حکومت نے میڈیا پوائنٹ برخاست کرتے ہوئے عوام کی آواز کچلنے کی کوشش کی ہے۔ ہنمنت راؤ نے نئے ریونیو قانون کی تیاری کے سلسلہ میں حکومت کو پیش کردہ تجاویز کا حوالہ دیا اور کہا کہ عہدیداروں کی بدعنوانیوں کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ غریبوں کی اراضیات کے تحفظ کیلئے نئے ریونیو قانون میں شفافیت پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں ریونیو ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کی ملی بھگت سے غریبوں کی اراضیات کو رئیل اسٹیٹ تاجروں کے نام منتقل کردیا گیا۔ کیسرا منڈل میں دلتوں کی 94 ایکر اراضی کا ریکارڈ تبدیل کرتے ہوئے سرمایہ داروں کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کو انصاف دلانے کیلئے چیف منسٹر کو مساعی کرنی چاہیئے۔ کانگریس پارٹی دلتوں کو انصاف دلانے تک جدوجہد جاری رکھے گی۔