تلنگانہ میں جنگلات کا فروغ ملک کی دوسری ریاستوں کیلئے قابل تقلید

   

مضافات میں اربن پارکس اور آوٹر رنگ روڈ کا دورہ ،کمپا کے نیشنل سی ای او کا تاثر

حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) کمپا کے نیشنل چیف ایگزیکیٹیو آفیسر سبھاش چندرا نے تلنگانہ میں جنگلات کے فروغ اور اس کی نگہداشت کیلئے ریاستی حکومت کے اقدامات کی ستائش کی۔ کمپا فنڈز کے نتائج ثمرآور برآمد ہونے اور ریاست تلنگانہ ملک کی دوسری ریاستوں کیلئے مثالی ثابت ہونے کا دعویٰ کیا۔ شہری علاقوں میں اربن فاریسٹ پارکس کے قیام کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ نیشنل فاریسٹ ورکشاپ میں شرکت کرنے کیلئے حیدرآباد پہنچنے والے سبھاش چندرا نے دوسری ریاستوں کے پی سی سی ایف عہدیداروں کے ساتھ مل کر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں واقع کنڈلہ کویا اربن فاریسٹ کے علاوہ آوٹر رنگ روڈ سرسبزوشاداب، آوینیو پلانٹیشن کے علاوہ دوسرے مقامات کا دورہ کیا اور مختلف امور کا جائزہ لیا۔ اربن فاریسٹ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کی بھی ستائش کی۔ سبھاش چندرا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت جنگلات کے فروغ پر فنڈز خرچ کرنے کے علاوہ قواعد پر سختی سے عمل آوری کررہی ہے جس کی وجہ مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ بڑے پیمانے پر شہری علاقے وجود میں آرہے ہیں۔ ایسے میں اربن فاریسٹ پارکس کا قیام غیرمعمولی اقدام ہے۔ اترپردیش کے پی سی سی ایف عہدیدار سنجے سری واستوا نے کہا کہ تیزی سے شہری علاقے وجود میں آرہے ہیں۔ عوام کو صاف و شفاف آکسیجن کی فراہمی میں اربن پارکس لنگ اسپیس کا کام کریں گے۔ محکمہ جنتلات تلنگانہ کی کارکردگی دوسری ریاستوں کیلئے قابل تقلید ثابت ہوگی۔ن