کورونا کے باوجود 4166 کروڑ کی وصولی، جنوبی ریاستوں میں بہتر مظاہرہ
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر کے باوجود معاشی سطح پر حکومت کیلئے اچھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ گزشتہ سال کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں حکومت کی آمدنی بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ تاہم جاریہ سال کورونا کے باوجود ریاست کے جی ایس ٹی کلکشن میں گزشتہ سال کے مقابلہ 17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2020 ء میں تلنگانہ حکومت نے جی ایس ٹی کے تحت 3562 کروڑ روپئے وصول کئے تھے جبکہ مارچ 2021 ء تک وصولی میں 4166 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ کے مقابلہ 17 فیصد زیادہ ہے۔ جنوبی ریاستوں میں کیرالا جی ایس ٹی کلکشن میں سرفہرست ہے جہاں پر گزشتہ سال کے مقابلہ 24 فیصد زائد رقم وصول کی گئی ۔ آندھراپردیش میں جی ایس ٹی کلکشن گزشتہ سال کے مقابلہ 5 فیصد زیادہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ٹاملناڈو میں 23 فیصد زائد وصولی کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کرناٹک میں گزشتہ سال کے مقابلہ 11 فیصد زائد ٹیکس وصول کیا گیا ۔ تلنگانہ کے علاوہ ہریانہ اور ناگالینڈ میں فی کس 17 فیصد زائد ٹیکس وصول ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال جولائی سے تلنگانہ میں جی ایس ٹی کلکشن میں یکسانیت نہیں ہے۔ چند ماہ کے دوران کلکشن حوصلہ افزا رہا ہے۔ نومبر 2020 ء میں تلنگانہ کو منفی 5 فیصد کا نقصان ہوا تھا ۔