تلنگانہ میں جی ایس ٹی کلکشن میں 26 فیصد اضافہ

   

آندھراپردیش میں 28 فیصد وصولی ، ٹاملناڈو ملک میں سرفہرست

حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں جی ایس ٹی کلکشن میں قابل لحاظ اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ جولائی میں 3610 کروڑ جی ایس ٹی حاصل ہوا جو گزشتہ سال کے مقابلہ 26 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال تلنگانہ کو جی ایس ٹی کے طور پر 2876 کروڑ روپئے حاصل ہوئے تھے۔ جاریہ سال جی ایس ٹی کی مجموعی شرح قومی شرح سے کم ہے۔ قومی سطح پر جی ایس ٹی میں 32 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق آندھراپردیش کو جاریہ سال جولائی میں 28 فیصد زائد جی ایس ٹی حاصل ہوا۔ جنوبی ریاستوں میں جی ایس ٹی کلکشن میں ٹاملناڈو 36 فیصد اضافہ کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کیرالا 27 فیصد اضافی جی ایس ٹی حاصل کرنے والی ریاست بن چکی ہے ۔ کرناٹک میں محض 12 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو دیگر ریاستوں کے مقابلہ کافی کم ہے۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران جی ایس ٹی کلکشن میں مارچ کے دوران 17 فیصد کا اضافہ ہوا تھا ۔ مارچ 2020 ء میں 3562 کروڑ جی ایس ٹی حاصل ہوا جبکہ جاریہ سال مارچ میں یہ کلکشن 4166 کروڑ تک پہنچ گیا ۔ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال جی ایس ٹی کلکشن میں بہتری کی امید کی جارہی ہے کہ نومبر اور ڈسمبر تک کلکشن کی صورتحال مزید بہتر ہوجائے گی۔