تلنگانہ میں حکومت ادویات سازی کے شعبہ کو ترقی دینے کے عہد کی پابند

   

تھرموفیشر سائنٹفک کمپنی کے ساتھ حکومت کی یادداشت مفاہمت ، وزیر سریدھر بابو
حیدرآباد۔23۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت تلنگانہ میں ادویات سازی کے شعبہ کی ترقی کے عہد کی پابند ہے اور مستقبل میں فارما سیکٹر کی ترقی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابونے آج تھرمو فیشر سائنٹیفک کمپنی کے ذمہ داروں سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی ۔ تھرمو فیشر سائنٹیفک کمپنی جو کہ فارما سیکٹر میں لیباریٹری سے متعلق ساز و سامان کی فراہمی میں شہرت رکھتی ہے نے آج سیکریٹریٹ میں حکومت تلنگانہ کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کئے ۔ کمپنی کے ذمہ داروں نے ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کی موجود گی میں کئے گئے اس معاہدہ پر دستخط کے دوران بتایا کہ کمپنی لیباریٹری میں استعمال ہونے والے ساز و سامان کی تیاری کے سلسلہ میں کس قدر مہارت رکھتی ہے اور ملک و بیرون ملک میں کمپنی کی سربراہی کہاں کہاں پر موجود ہے۔ مسٹر ڈی سریدھر بابو نے ریاستی حکومت کے ساتھ کمپنی کے معاہدہ کے سلسلہ میں بتایا کہ جینوم ویلی میں کمپنی لیباریٹری کے ساز وسامان کی تیاری کے لئے ڈیزائن سنٹر کے قیام کے سلسلہ میں حکومت تلنگانہ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جوکہ ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تھرمو فیشرجیسی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ اور ان کے جینوم ویلی میں قیام پر آمادگی ریاست تلنگانہ کی ادویات سازی اور شعبہ طب سے متعلق ساز و سامان کی تیاری میں ہونے والی ترقی میں اہم پیشرفت کی مثال ہے۔3