حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت ای راجندر نے کہا کہ حکومت ریاست کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں ڈائیلاسس سنٹرس قائم کررہی ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جیون ریڈی اور دوسروں کے سوال پر وزیر صحت نے بتایا کہ فی الوقت تلنگانہ میں 45 ڈائیلاسس سنٹرس کارکرد ہیں جن میں 20 سنٹرس ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں قائم کئے گئے جس کی نگرانی تلنگانہ ویدیا ودھان پریشد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں اور آروگیہ شری کے تحت فنڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ امراض گردہ کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ آئی سی یو اور ڈائیلاسس سنٹر کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے آرمور ہاسپٹل میں یہ سہولت فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلاسس کے مریض پر سالانہ خرچ 1,80,000 روپئے تک آتا ہے۔ حکومت کے مراکز کے نتیجہ میں غریب عوام کو سہولت ہوگی۔ رکن اسمبلی جیون ریڈی نے شہر کی طرح اضلاع کے ہاسپٹلس میں ڈائیلاسس سنٹرس کے قیام کی تجویز پیش کی۔