تلنگانہ میں خواتین غیر محفوظ : کہاں تک درست

   

سرپنچ کا ٹی راجیا پر الزام ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر کی تردید

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی خاتون سرپنچ نے سابق ڈپٹی چیف منسٹر و بی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈاکٹر راجیا کے خلاف جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے ۔ ریاست میں لڑکیاں و خواتین جنسی ہراسانیوں ، حملے کا شکار ہورہی ہیں ۔ یہاں تک کے انہیں قتل کردینے کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں ۔ چند دن قبل متحدہ ضلع ورنگل کے میڈیکل طالبہ کی خود کشی کے واقعہ پر پیدا شدہ طوفان ابھی ختم ہی نہیں ہوا تھا اسی ضلع کی ایک خاتون سر پنچ نے موجودہ رکن اسمبلی اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر پر جنسی ہراسانی کا شکار بنانے کا الزام عائد کیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع ہنمکنڈہ کے دھرما ساگر منڈل میں واقع جانکی پورم موضع کی سرپنچ نویا نے سابق ڈپٹی چیف منسٹر کے خلاف سنگین الزامات عائد کیا ۔ ان کے ساتھ تنہائی میں ایک رات گذارنے کی ہدایت دی ہے ۔ ٹیلی فون پر کہا کہ تیرے شوہر کو دیکھ کر نہیں بلکہ تجھ کو دیکھ کر ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ شوہر کے بغیر تنہا پہونچنے کا مشورہ دیا ۔ ان کی بات نہ سننے پر گاؤں کی ترقیات کے لیے فنڈز روک دینے کا انتباہ دیا ہے ۔ خاتون سرپنچ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی ترقیاتی و پارٹی کے پروگرامس میں ملاقات ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر راجیا غیر محسوس طریقہ سے ان کے جسم کے حصوں کو ٹچ کرتے ہیں وہ اس کی کئی مرتبہ مخالفت کرچکی ہیں ۔ ان سے التجا کرچکی ہیں کہ وہ ان کے والد کی عمر کے برابر ہے ان کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ نہ کریں ۔ لیکن سابق ڈپٹی چیف منسٹر کہتے ہیں ان کا مجھ پر دل آگیا ہے اور میری جنسی خواہشات کی تکمیل میں تعاون کریں ۔ بصورت دیگر ان کے خلاف گاؤں میں ماحول پیدا کردیا جائے گا ۔ اس طرح کے ماضی میں بھی ڈاکٹر راجیا کے خلاف کئی خواتین شکایتیں کرچکی ہیں ۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا نے خاتون سرپنچ کے الزامات کو جھوٹ و بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی انتخابات قریب ہوتے ہیں ان کے خلاف اس طرح کے الزامات عائد کئے جاتے ہیں ۔ ان کے خلاف جنسی ہراسانیوں کے جو بھی الزامات عائد کئے جارہے ہیں اس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ وہ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے خلاف رچی جارہی ہے سازش کی تمام تفصیلات پیش کریں گے ۔ تمام الزامات مجھے ٹکٹ سے محروم کرنے کی سازش کا حصہ ہے ۔۔ ن