تلنگانہ میں خواتین کے بہ نسبت مردوں کی اموات میں اضافہ

   

مجموعی طور پر شرح اموات میں کمی اور پیدائش میں اضافہ، 2019ء کی مردم شماری رپورٹ میں انکشاف

حیدرآباد : تلنگانہ کی ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست میں آبادی کے تناسب میں اضافہ ہورہا ہے اور اموات کی تعداد گھٹ رہی ہے۔ ان اموات میں اکثریت ضعیف افراد کی ہے بالخصوص 55 سال سے زائد افراد کی زیادہ اموات ہورہی ہے۔ عمر میں اضافہ کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ خواتین کے بہ نسبت مردوں کی شرح اموات میں اضافہ ہے۔ مرنے والوں میں مردوں کی تعداد 1,32,311 ہے تو خواتین کی تعداد 95,983 ہے۔ شہروں کے بہ نسبت دیہی علاقوں میں مردوں کی شرح اموات زیادہ ریکارڈ ہورہی ہے۔ سال 2019ء میں ریاست تلنگانہ میں 6,30,083 پیدائش کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ تاہم 8,41,268 بچے پیدا ہوئے ہیں ساتھ ہی 2,34,883 اموات ہونے کا اندازہ لگایا گیا تھا لیکن 2,28,294 اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ مردم شماری کے اعدادوشمار سے پتہ چلاہیکہ 2018ء تک ریاست میں سالانہ 6,52,791 لاکھ بچے پیدا ہوئے جبکہ 2019ء میں 8,41,268 لاکھ بچے ہوئے۔ محکمہ مردم شماری کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں اس کا انکشاف ہوا ہے۔ ریاست میں سال 2019ء میں 8,41,268 لاکھ بچے پیدا ہوئے جن میں 4,30,652 لاکھ لڑکے اور 4,10,616 لڑکیاں ہیں۔ ریاست کے بعض اضلاع میں لڑکوں سے زیادہ لڑکیاں پیدا ہوئی ہیں۔ تازہ رپورٹ کی اعدادوشمار سے یہ بھی پتہ چلا ہیکہ شہری علاقوں میں زیادہ لڑکے اور دیہی علاقوں میں زیادہ لڑکیاں پیدا ہوئی ہیں۔ دیہی علاقوں میں 1,13,282 لاکھ لڑکیاں پیدا ہوئی وہیں 1,11,807 لڑکیاں پیدا ہوئی۔ شہری علاقوں میں 3,18,845 لاکھ لڑکے پیدا ہوئے وہیں 2,97,334 لاکھ لڑکیاں پیدا ہوئیں۔ ریاست میں بچوں کی پیدائش کے بعد فوری برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ سال 2019ء میں 6,16,927 لاکھ بچوں کے ارکان خاندان نے فوری برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔ اندرون 21 یوم 1,86,313 لاکھ اور اندرون ماہ 24,827 ہزار اور ایک سال بعد 13,201 بچوں کے ارکان خاندان برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔ بچوں کی اموات دیہی علاقوں کی بہ نسبت شہری علاقوں میں زیادہ ہوئی ہے۔ سال 2019ء میں پیدا ہوتے ہی 6349 بچے فوت ہوئے جن میں دیہی علاقوں میں 2,306 اور شہری علاقوں میں 4043 بچے فوت ہوئے۔ سال 2019ء میں جملہ 2,28,294 لاکھ افراد کی موت واقع ہوئی جن میں 65 سال عمر مکمل کرنے والوں کی اکثریت ہے۔ شہر حیدرآباد میں زیادہ اموات ہوئیں جملہ اموات میں 29 فیصد اموات گریٹر حیدرآباد میں ہوئی یعنی 65,676 اموات ہوئیں۔ مردوں کی دیہی علاقوں میں زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ دیہی علاقوں میں جہاں 68,316 مردوں کی اموات ہوئیں وہیں 43,309 خواتین کی اموات ہوئیں۔ وہیں شہری علاقوں میں 64,175 اموات ہوئیں جبکہ 52,574 خواتین کی اموات ہوئیں۔