تلنگانہ میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کی ہر ممکنہ مدد

   

نبارڈ کے اعلیٰ عہدیدار کی ونود کمار سے ملاقات، مرکز سے قومی شاہراہوں کیلئے نمائندگی
حیدرآباد: مرکزی ادارہ نبارڈ کے چیف جنرل مینجر وائی کرشنا راؤ نے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار اور ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کی ممکنہ مدد کا تیقن دیا۔ انہوں نے تلنگانہ میں سیلف ہیلپ گروپ کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ نبارڈ کی جانب سے گروپس کو خود مکتفی بنانے کیلئے ہر ممکنہ تعاون کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور انہیں خود مکتفی بنانے کے مقصد سے ٹی آر ایس حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں، وہ قابل ستائش ہیں۔ سماج میں خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں یہ گروپس اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ نبارڈ کے چیف جنرل مینجر نے دیہی علاقوں میں حکومت کی مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولتوںکی فراہمی میں نبارڈ ہر ممکن مدد کرتا ہے۔ ونود کمار نے نبارڈ کے چیف جنرل مینجر سے خواہش کی کہ دیہی علاقوں کی ترقی میں اہم رول ادا کریں۔ اسی دوران مرکز میں سڑکوں کی تعمیر اور توسیع سے متعلق پراجکٹ کی منظوری کیلئے لوک سبھا میں ٹی آر ایس قائد این ناگیشور راؤ نے ونود کمار سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں قومی شاہراہوں کی تعمیر سے متعلق کئی پراجکٹ مرکز میں زیر التواء ہے ۔ پراجکٹس کی عاجلانہ منظوری کیلئے مرکزی وزراء سے نمائندگی کی جائے گی ۔ ملاقات کے موقع پر ریاست میں زیر التواء پراجکٹس کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ تیار کی گئی تاکہ مرکز کو پیش کی جاسکے ۔ کریم نگر ، نظام آباد ، محبوب آباد ، سنگا ریڈی ، نرمل ، جگتیال ، کھمم ، کریم نگر اور دیگر اضلاع میں قومی شاہراہوں سے متعلق پراجکٹس زیر التواء ہیں۔ بہت جلد حکومت کی سطح پر وفد نئی دہلی روانہ ہوگا۔