عادل آباد سرد ترین ضلع ، تامسی ٹاؤن میں درجہ حرارت 5.1 ڈگری ، حیدرآباد میں رات دیر گئے سڑکیں سنسان
حیدرآباد۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز ، این ایس ایس) تلنگانہ کے مختلف حصوں میں بِلاقرین و قیاس درجہ حرارت میں اچانک زبردست کمی ہوگئی جس کے ساتھ ہی سردی کی لہر شدت اختیار کرگئی اور بعض انتہائی سرد مقامات پر عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہفتہ کی صبح کئی علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت 10 ڈگری سے بھی کم رہا اور عادل آباد تلنگانہ کا سرد ترین ضلع رہا جہاں ایک علاقہ تامسی کا درجہ حرارت 5.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو اس ضلع میں بہ مشکل 24 گھنٹے قبل یعنی جمعہ کو اقل ترین درجہ حرارت 17.2 ڈگری سیلسیس تھا۔ تلنگانہ میں شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں درجہ حرارت 5ڈگری سے کم درج کیاگیا ہے ۔ضلع عادل آباد کے تامسی،بھرم پور،بھروج میں درجہ حرارت 5.2ڈگری سلسیس درج کیاگیا ہے جبکہ ارلی علاقہ میں درجہ حرارت5.1ڈگری سلسیس درج کیاگیا ہے ۔ عادل آباد ٹاون کے تریانی میں درجہ حرارت 5.01ڈگری سلسیس درج کیاگیا ہے ۔تلنگانہ کے ہی ضلع نلگنڈہ میں جاریہ ہفتہ سردی کی لہر میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے ۔رات میں درجہ حرارت 12تا14ڈگری سلسیس درج کیاجارہا ہے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں بھی گراوٹ محسوس کی جارہی ہے ۔سردی کی لہر میں اضافہ کے ساتھ ہی سوئیٹرس کی خریداری میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔تلنگانہ کے ضلع کھمم میں درجہ حرارت 15ڈگری سلسیس درج کیاجارہا ہے ۔شام میں 6 بجے سے ہی سردی کی لہر شروع ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں لوگ شام اور صبح میں گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔دوسری طرف تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ہوئی ہے ۔ڈائرکٹر محکمہ موسمیات ناگارتنا نے کہا کہ شمال۔مشرقی علاقوں سے آرہی ہواوں کے نتیجہ میں حیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ ہورہا ہے ۔نہ صرف رات بلکہ دن میں بھی درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے ۔اگرچہ کہ شمال۔مشرقی علاقوں سے ہوائیں موسم سرما کے آغاز کے موقع پر آتی ہیں تاہم اس مرتبہ مشرقی ہوائیں سمندری علاقہ سے تلنگانہ میں آرہی ہیں۔اسی لئے درجہ حرارت معمول سے چار تا پانچ ڈگری کم ہوگیا ہے ۔تلنگانہ کے شمالی حصہ میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے ۔درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں لوگ گھروں تک ہی محدود رہنے کیلئے مجبور ہیں۔بعض مقامات پرلوگوں نے سڑکوں پر آگ جلاتے ہوئے سردی سے محفوظ رہنے کی کوشش کی جبکہ کئی مکانات میں روم ہیٹرس کا بھی استعمال کیاجارہا ہے ۔