پہلے دن 60فیصد طلبہ کی جماعتوں میں شرکت ، کورونا قواعد کی سختی سے پابندی
حیدرآباد۔یکم۔فروری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے نویں اور دسویں جماعت کے علاوہ کالجس میں باضابطہ کلاسس کے آغاز کے پہلے دن 60 فیصد طلبہ نے کلاسس میں شرکت کی ہے اور محکمہ تعلیم کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ پہلے دن 60 فیصد طلبہ کی کلاسس میں شرکت حوصلہ افزاء ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم مسز پی سبیتا اندرا ریڈی نے نویں جماعت اور اس سے اوپری جماعتوں کے طلبہ کیلئے باضابطہ تعلیم کے آغاز کے پہلے دن ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں طلبہ کی تعداد اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق معلومات حاصل کیں ۔ انہو ںنے ریاست کے بیشتر اضلاع کے ضلع کلکٹرس سے بات چیت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 60 فیصد حاضری ریکارڈ کی گئی ہے اور10 ماہ بعد ہائی اسکول اور جونئیر کالجس کی کشادگی کے فیصلہ کے پہلے دن اتنی بڑی تعداد کی کلاسس میں شرکت سے حکومت اور محکمہ تعلیم کو اس بات کا اطمینان ہوا ہے کہ طلبہ اور اولیائے طلبہ کی خواہش کے عین مطابق ریاستی محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے۔ مسز سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں طلبہ کو اسکولو ںمیںداخل ہونے سے قبل انفراریڈ تھرمامیٹر کے ذریعہ ان کی جسمانی حرارت کا مشاہدہ کیا گیا اور اسے ریکارڈ کیا جا رہا ہے علاوہ ازیں ہر اسکول اور کالج میں کلاس کے باہر ہینڈ سینیٹائزر رکھنے کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ کسی بھی اسکول میں کلاس میں 20 سے زائد بچوں کو بٹھانے پر عائد امتناع پر سختی سے عمل کیا گیا اور انہیں توقع ہے کہ سماجی فاصلہ کے ساتھ ان تمام رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور سرکاری اسکولوں اور کالجس کے انتظامیہ کے ساتھ خانگی اسکول و کالجس کے ذمہ داروں کی جانب سے ان رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہر حیدرآباد میں نویں اور دسویں جماعت کے علاوہ انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم میں باضابطہ کلاسس کے آغاز کے پہلے دن 50 فیصد سے کم حاضری ریکارڈ کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ آن لائن سلسلہ تعلیم جاری ہے تو ایسی صورت میں کسی بھی کا خطرہ لیتے ہوئے اسکول میں باضابطہ تعلیم کے بجائے جاریہ تعلیمی سال کے دوران آن لائن تعلیم پر ہی اکتفاء کیا جائے ۔مسز سبیتا اندراریڈی نے واضح کیا کہ جو طلبہ باضابطہ کلاسس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں ان کے لئے آن لائن کلاسس کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور آج پہلے دن اسکول میں تعلیم کے ساتھ ساتھ آن لائن کلاسس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔