ہر دو دن میں ایک موت ، انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کا امداد کا مطالبہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 1672 افراد فوت ہوئے ان میں 34 ڈاکٹرس ہیں۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کے مطابق 34 ڈاکٹرس یا تو کوویڈ 19 یا پھر مابعد کوویڈ پیچیدگیوں سے فوت ہوئے ۔ اسوسی ایشن کے مطابق یکم اپریل تا 6 جون تلنگانہ میں ہر دو دن میں کورونا سے ایک ڈاکٹر کی موت ہوئی۔ اسوسی ایشن نے کہا کہ پڑوسی آندھرا پردیش میں 35 ڈاکٹرس کورونا سے دوسری لہر کے دوران فوت ہوئے۔ دہلی میں سب سے زیادہ 109 ڈاکٹرس کی موت واقع ہوئی ہے۔ اسوسی ایشن نے کہا کہ کورونا سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوانے والے ڈاکٹرس کو کوویڈ مارٹرس کا درجہ دیا جائے کیونکہ انہوں نے عوام کی صحت بچانے کیلئے اپنی جان نچھاور کردی۔ حکومت کی جانب سے متوفی ڈاکٹرس کے پسماندگان کی مدد کی جانی چاہیئے۔ اسوسی ایشن کے مطابق پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت ڈاکٹرس کے افراد خاندان کو انشورنس کے فوائد فراہم کئے جارہے ہیں لیکن کورونا سے فوت ہونے والے 754 ڈاکٹرس میں 168 کے خاندانوں نے اسکیم کیلئے درخواست دی ہے۔ اسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سنٹرل بیورو آف ہیلت انٹلی جنس کے ذریعہ کورونا سے فوت ہونے والے ڈاکٹرس کی شناخت کرنے اور ان کے افراد خاندان کو مناسب امداد کی مانگ کی گئی۔