تلنگانہ میں دوسرے مرحلہ کا لاک ڈاون خارج از امکان : کے ٹی آر

   

معاشی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔ عوام کو احتیاط سے آگے بڑھنے کا مشورہ ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کا اظہار خیال

حیدرآباد۔تلنگانہ میں دوسرے مرحلہ کے لاک ڈاؤن کا سوال ہی پیدا نہیںہوتا اور حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے متعلق کوئی غور نہیں کیا جار ہاہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق اور آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے یہ واضح کردیا کہ اب ریاست میں کوئی لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ جن ممالک میں لاک ڈاؤن کیا گیا ان میں بیشتر لاک ڈاؤن ناکام ثابت ہوئے اور جن ممالک میں محتاط انداز میں لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے ساتھ عوام میں شعور اجاگر کرتے ہوئے کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کئے گئے وہاں حکومت اورعوام کو فائدہ ہوا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ عام زندگی بحال کرنے اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے حق میں ہیں اوروہ چاہتے ہیں ریاست میں معاشی سرگرمیاں تیزی کے ساتھ بحال ہونے کے علاوہ عوام کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ سرگرمیوں کو انجام دینے کی اجازت فراہم کی جائے۔ وزیر نے ایک پروگرام کے دوران دوسرے مرحلہ کے لاک ڈاؤن کے متعلق استفسار کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں دوبارہ لاک ڈاؤن کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ حکومت بالخصوص چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ریاست میں دوبارہ لاک ڈاؤن پر غور کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ایک مرحلہ پر اس پر غور کے علاوہ اس کا جائزہ لیا گیا لیکن حکومت نے معیشت کو مستحکم بنانے اور کورونا کے ساتھ محتاط انداز میں زندگی گذارنے کے اقدامات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں رعایتوں پر عمل کا فیصلہ کیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں حالات جلد معمول پر آسکتے ہیں اگر عوام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے معمول کی سرگرمیوں کو انجام دینا شروع کردیں۔انہو ںنے بتایا کہ زندگی کو آگے بڑھتے رہنا چاہئے اور معاشی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئے ۔ انہوں نے اپنی خود کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مارچ میں جب سے لاک ڈاؤن ہوا ہے وہ خود سرگرم ہیں اور دیگر ریاستی وزراء اور قائدین بھی سرگرم عوامی زندگی میں ہیں لیکن مکمل احتیاط کے ساتھ زندگی کو آگے بڑھا رہے ہیں اسی لئے اب ان کا احسا س ہے کہ لاک ڈاؤن کورونا وائرس مسئلہ کا حل نہیں ہے اسی لئے ریاست میں دوسرے لاک ڈاؤن کا تصور نہیں کیا جانا چاہئے ۔