تلنگانہ میں دوسرے پے رویژن کمیشن کے اعلان کی منصوبہ بندی

   

مشاورت کا آغاز ۔ آئندہ دنوں میں چیف منسٹر کی جانب سے اجلاس متوقع
حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کیلئے دوسرے پے رویژن کمیشن کے اعلان کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے! ریاست میں انتخابات سے قبل حکومت سے ملازمین کو دوسرے پے رویژن کمیشن کے قیام کے ساتھ عارضی راحت کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر چند ر شیکھر راؤ نے ملازمین تنظیموں کے ذمہ داروں سے مشاورت شروع کردی ہے اور کہا جا رہاہے کہ تقسیم ریاست کے بعد جولائی 2018 میں پہلے پے رویژن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا اور اس کی سفارشات کے مطابق حکومت سے 30 فیصد فٹمنٹ کا فیصلہ کرکے فائدہ پہنچانے اقدامات کئے گئے تھے اور پہلے پے رویژن کمیشن کی معیاد 2023 جون میں ختم ہوچکی ہے اور اب آئندہ چند ماہ میں انتخابات کے پیش نظر دوسرے پے رویژن کمیشن کے قیام کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران تلنگانہ میں پی آر سی کے اقدامات شروع کردیئے جائیں گے جبکہ آندھراپردیش میں حکومت سے پی آر سی کا فیصلہ کرکے ملازمین کو فائدہ پہنچانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں۔ تلنگانہ میں ملازمین کو پی آر سی کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی جانب سے مشاورت کے آغاز کی اطلاعات ہیں اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند یوم میں چیف منسٹر عہدیداروں اور ملازمین کی تنظیموں کا مشترکہ جائزہ اجلاس طلب کرکے پی آر سی کے سلسلہ میں مشاورت کریں گے۔م