تلنگانہ میں ذات پات کی مردم شماری ملک کیلئے رول ماڈل ثابت ہوگی

   

ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرامارک کی دہلی میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرامارک نے دہلی میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ تلنگانہ میں ذات پات کی مردم شماری کرتے ہوئے ملک کیلئے رول ماڈل بننے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کرانے کا وعدہ کیا، جس کی جتنی آبادی اس کی اتنی حصہ داری کا نعرہ دیا تھا۔ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد ذات پات کی مردم شماری پر مثبت اندام میں پیشرفت ہورہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے دہلی میں کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی ہے اور ریاست میں ذات پات کی مردم شماری کیلئے تیار کردہ فارمیٹ انہیں پیش کیا ہے۔ ایک گھنٹہ تک جاری رہی ملاقات میں ذات پات کی مردم شماری، اقتصادی سروے کے رہنمایانہ خطوط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے ملو بھٹی وکرامارک کو جھارکھنڈ انتخابی مہم کا انچارج بھی نامزد کیا ہے۔ اس ملاقات میں ڈپٹی چیف منسٹر نے کے سی وینو گوپال سے جھارکھنڈ کے انتخابی مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلاہیکہ مہیش کمار گوڑ کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر بنانے کے بعد ریاست کی صورتحال پردیش کانگریس کمیٹی اور ضلعی کانگریس کمیٹیوں کی تشکیل، حیڈرا کی انہدامی کارروائی، موسیٰ ندی پراجکٹ پر عوامی احتجاج کے علاوہ دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ ریاست میں ٹیلیفون ٹیاپنگ مسئلہ پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ بعدازاں ڈپٹی چیف منسٹر اے آئی سی سی کے خازن اجئے ماکھن سے ملاقات کی۔2