حیدرآباد12جون (یو این آئی) تلنگانہ میں راشن کارڈس سے استفاد کرنے والوں کی مجموعی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جو مئی کے اختتام تک 3,11,28,921 تک پہنچ گئی ہے ۔ نئی درخواستوں کی منظوری کے ساتھ، موجودہ کارڈ ہولڈرس کے خاندان کے دیگر افراد کے نام شامل کرنے کا عمل بھی جاری ہے ۔رواں سال 26 جنوری سے نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔ اسی دوران پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم نے رہنما خطوط جاری کئے جن کے مطابق پرانے کارڈس میں نئے نام شامل کرنے کی اجازت دی گئی ۔اس کیلئے می سیوا مراکز اور ذات پر مبنی مردم شماری سے درخواستیں وصول کی گئیں۔ ان درخواستوں کی جانچ کے بعد، مختلف مراحل میں فیصلے کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق چار مراحل 26 جنوری، 28 فروری ، 24 اپریل اور 23 مئی میں مجموعی طور پر 2,03,156 نئے راشن کارڈز جاری کئے گئے ۔پرانے کارڈس میں نو مراحل کے تحت 29,81,356 نئے افراد کے نام شامل کئے گئے ۔