ہیلت ورکرس کو ٹریننگ، بستی دواخانوں میں معائنوں کی سہولت،وزیر صحت کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد: وزیر صحت ای راجندر نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کیلئے بڑے پیمانہ پر تیاریاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جب کبھی بھی کورونا ویکسین فراہم کی جائے گی ، محکمہ صحت نے روزانہ کم از کم 10 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کے انتظامات کئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے 10 ہزار ملازمین کو ٹیکہ اندازی کی تربیت دی گئی ہے اور ہر ایک ہیلت کیر ورکر ایک دن میں کم از کم 100 افراد کی ٹیکہ اندازی انجام دے گا۔ روزانہ 10 لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی کے ذریعہ ریاست میں جلد از جلد یہ مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے ۔ تلنگانہ میں 70 تا 80 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ وزیر صحت ای راجندر نے سینئر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ وہ کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کے مسئلہ پر عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ پہلے مرحلہ میں ہیلت کیر ورکرس اور فرنٹ لائین ورکرس کو ٹیکہ اندازی دی جائے گی جن کا تعلق محکمہ جات ، صحت ، پولیس ، میونسپل ایڈمنسٹریشن اور فائر سرویسز سے ہوگا۔ دوسرے مرحلہ میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو دوائی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مختلف عوارض کا شکار 50 سال سے کم عمر کے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ ٹیکہ اندازی کا کام خوشگوار اور تیزی سے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پہلی دوائی کے بعد 28 دن کے وقفہ سے دوسرا ٹیکہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے مراکز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ پینے کے پانی اور دیگر سہولتوں کے علاوہ نشستوں کا معقول انتظام رہے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں کورونا کے دوسرے مرحلہ کے امکانات سے نمٹنے عہدیداروں کو میڈیکل انفراسٹرکچر بہتر بنانے کی ہدایت دی ہے۔ سرکاری دواخانوں کے لئے 11 سی ٹی اسکیان اور تین ایم آر آئی مشین حاصل کئے جارہے ہیں۔ آئندہ 6 ماہ میں تمام سرکاری دواخانوں کے آپریشن تھیٹرس کو عصری بنانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بستی دواخانوں میں ڈائگناسٹک خدمات کے آغاز کے لئے 8 ڈائگناسٹک منی ہبس قائم کئے جارہے ہیں۔ ان کا رابطہ انسٹی ٹیوٹ آف پریوینٹیو میڈیسن نارائن گوڑہ کے مین لیاب سے رہے گا۔ بستی دواخانوں میں بلڈ ٹسٹ کے علاوہ ایکسرے ، الٹرا ساؤنڈ اور ای سی جی کی سہولت حاصل رہے گی ۔