مانکیم ٹیگور کا سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس ، منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف جدوجہد پرغور
حیدرآباد۔8 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے کے سی آر حکومت کے خلاف جدوجہد تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور کی صدارت میں پردیش کانگریس کے نو نامزد عہدیداروں اور مختلف کمیٹیوں سے وابستہ قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاقہ انچارج سکریٹریز بوس راجو ، شیوارام کرشنن اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی کی جانب سے صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پارٹی قائدین کا یہ پہلا اجلاس تھا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مانکیم ٹیگور نے قائدین کو متحدہ طور پر جدوجہد کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہائی کمان 2023 ء اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے مقصد سے نئی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف گاؤں گاؤں جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا تاکہ پارٹی کارکنوں کو متحرک کیاجاسکے ۔ دلتوں کے خلاف مظالم اور پارٹی سے انحراف کرنے والی ارکان اسمبلی کے خلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا ۔ قائدین نے پارٹی سرگرمیوں کی مناسب تشہیر کیلئے علحدہ میڈیا ادارہ کے قیام کی تجویز پیش کی ۔ ریونت ریڈی کی مجوزہ پد یاترا پر قائدین سے رائے حاصل کی گئی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے بعد اس سلسلہ میں قائدین کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے فیصلہ کریں گے ۔ توقع ہے کہ ریونت ریڈی مختلف مراحل میں پد یاترا کے ذریعہ تمام اضلاع کا احاطہ کریں گے ۔ مانکیم ٹیگور نے ضلع کانگریس صدور کے ساتھ علحدہ اجلاس میں ضلع واری سطح پر پارٹی موقف کا جائزہ لیا۔