زیرزمین پانی کی سطح میں اضافہ کیلئے
ریاستی حکومت کی کاوشوں کی مرکز نے کی ستائش
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں زیرزمین پانی کی سطح میں اضافہ کیلئے ریاستی حکومت کی کاوشوں کی ستائش کی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ 9 سال میں اوسط زیرزمین پانی کی سطح میں 4 میٹرس سے زیادہ تک اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ لیول کمیٹی کی میٹنگ جمعہ کو ڈاکٹر رجت کمار اسپیشل چیف سکریٹری، محکمہ آبپاشی اینڈ سی اے ڈی کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں سال 2023ء کیلئے ریاست تلنگانہ کے ڈائنمک گراونڈ واٹر وسائل کو منظوری دی گئی۔ زیرزمین پانی کا جائزہ مشترکہ طور پر گراونڈ واٹر ڈپارٹمنٹ حکومت تلنگانہ اور سنٹرل گراونڈ واٹر بورڈ، وزارت جل شکتی حکومت ہند کی جانب سے لیا گیا۔ 83 فیصد منڈلس میں یہ اضافہ دیکھا گیا جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ ریاست میں زیرزمین پانی کے حصول میں 2013ء کے مقابل 19 فیصد کی کمی ہوئی۔ حکومت ہند نے زیرزمین پانی پر انحصار کو کم کرنے اور واٹر ٹیبل میں اضافہ کیلئے ریاستی حکومت کی کاوشوں کی ستائش کی ہے۔ ریاستی حکومت کے ہمہ رخی اقدامات کے باعث پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کاوشوں میں مشن کاکتیہ کے تحت 27,472 تالابوںکی بحالی، کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ پانی کی سربراہی شامل ہیں۔