تلنگانہ میں سال 2023 میں بہوجن سماج پارٹی کا چیف منسٹر

   

ریاست میں بی ایس پی مستحکم بنانے کی حکمت عملی، تمام نشستوں سے مقابلہ کا عزم، جلسہ عام سے رام جی گوتم کا خطاب

حیدرآباد۔9اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اگلا چیف منسٹر بہوجن سماج پارٹی کا ہوگا۔2023 میں بہوجن سماج پارٹی تلنگانہ میں اپنی حکومت تشکیل دے گی ۔رکن راجیہ سبھا و قومی کوآرڈینیٹر بہوجن سماج پارٹی مسٹر رام جی گوتم نے نلگنڈہ میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ مستعفی آئی پی ایس مسٹر آر ایس پروین کمار نے بہوجن سماج پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی اور ان کی شمولیت کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام کے دوران رام جی گوتم نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے بہوجن طبقات کو نظر انداز کیا جا رہاہے جس کے سبب پسماندہ طبقات میں حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بہوجن کو تلنگانہ میں اقتدار کے حصول سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی کیونکہ اب تک سیاسی جماعتوں نے بہوجن طبقہ کے ووٹوں کا استعمال کیا ہے اور اب مزید استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ بہوجن اب دوسری سیاسی جماعتوں سے امیدیں وابستہ کرنے کے بجائے اپنی سیاسی جماعت کے پرچم تلے جمع ہونے لگے ہیں۔رام جی گوتم نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہی نہیں بلکہ ملک کی بیشتر ریاستوں میں بہوجن کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی کے سبب وہ پچھڑے ہوئے طبقہ میں ہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہوجن سماج پارٹی ملک بھر میں دلتوں اور پسماندہ طبقات کو اعلیٰ معیاری تعلیم کی مفت فراہمی کا منصوبہ رکھتی ہے۔مسٹر آر ایس پروین کمار نے کہا کہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو دور کرنے کیلئے لازمی ہے کہ بہوجن سیاسی قوت بن کر ابھریں اور اپنے ووٹ کی طاقت کا احساس دلانے کیلئے اپنے شعور کا مظاہرہ کریں۔پروین کمار نے کہا کہ دلتوں اور بہوجنوں کی ترقی کے لئے لازمی ہے کہ ریاست ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں خانگی شعبہ میں بھی تحفظات کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ پسماندہ طبقات اور دلتوںکو درپیش مسائل کو حل کیا جاسکے۔ مسٹر آر ایس پروین کمار نے گذشتہ چند یوم قبل اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیا تھا اور اب انہو ںنے بہوجن سماج پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آر ایس پروین کمار تلنگانہ میں بہوجن سماج پارٹی کو مستحکم کرنے کے علاوہ ریاست میں تنظیم کو مضبوط کرتے ہوئے تمام نشستوں پر مقابلہ کی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہیں اسی لئے بی ایس پی قائدین کی جانب سے 2023 میں بہوجن اقتدار کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔