تلنگانہ میں سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ

   

حیدرآباد کی مارکٹس میں قیمتوں میں کمی
حیدرآباد۔ 10فروری (یو این آئی) شہر حیدرآباد میں سبزیوں کی قیمتوں میں بھاری کمی آئی۔گزشتہ دو تا تین ماہ کے مقابلہ فروری کے پہلے ہفتہ میں تقریبا تمام سبزیوں کی قیمتوں میں 20تا40روپئے فی کیلو کی کمی درج کی گی ہے ۔یہ قیمتیں موجودہ سیزن کی کم ترین قیمتیں ہیں۔عموما فروری۔مارچ کے مہینوں کے درمیانی عرصہ میں مقامی سبزیوں کی بڑے پیمانہ پر پیداوار ہوتی ہے جس کے نتیجہ میں ان کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تاہم اس مرتبہ دسمبر تک سبزیوں کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوئی۔جنوری اور فروری کے دوسرے ہفتہ میں ہی اچانک سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگیا اور قیمتوں میں کمی ہوگئی۔خاص طورپر اضلاع رنگاریڈی ، محبوب نگر، وقارآباد ،میدک،نظام آباد سمیت دیگر اضلاع سے شہر حیدرآباد لائی جانے والی سبزیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔موجودہ طورپر بھینڈی، بیگن، بنزکی پھلی سمیت دیگر سبزیوں کی قیمت 20تا30روپئے فی کیلو ہوگئی ہیں۔ٹماٹر کی قیمت فی کیلو10روپے تا20روپئے کے درمیان درج کی گئی ہے ۔اس سیزن میں پہلی مرتبہ ٹماٹر کی قیمت کافی کم رہی ہے ۔گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال دسمبر کے دوسرے ہفتہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے ۔شہر کے نواحی اضلاع سے لائی جانے والی سبزیوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔قبل ازیں ہر سبزی کی قیمت 60 تا 80روپئے فی کیلو تھی۔مارکٹ عہدیداروں نے توقع کی ہے کہ آئندہ دنوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں مزید کمی درج کی جائے گی۔بغیر کسی سیزن یعنی مارچ سے جولائی تک شہر حیدرآباد کی مارکٹس میں دیگر ریاستوں سے سبزیوں کو لایاجاتا ہے جس کے نتیجہ میں ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے ۔تاجرین نے یہ بات بتائی۔کم پانی کی وجہ سے گرما کے موسم میں مقامی کسانوں کے لئے سبزیوں کی کاشت مشکل ہوتی ہے جس کے نتیجہ میں دیگر ریاستوں سے سبزیوں کو حیدرآباد لانا پڑتا ہے اور ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے ۔شہر حیدرآباد کے بوئن پلی،گُڈی ملکاپور،کوتہ پیٹ،ایل بی نگر سمیت دیگر مارکٹس میں روزانہ 70تا80فیصد مختلف اقسام کی مقامی سبزیاں لائی جارہی ہیں۔تلنگانہ بھر میں پانی کافی دستیاب ہے جس کے نتیجہ میں کسان بڑے پیمانہ پر سبزیوں کی کاشت کررہے ہیں۔اضلاع رنگا ریڈی، وقار آباد ، میدک کے کسان توقع ہے کہ جاریہ سال جولائی اور اگست میں سبزیوں کی بڑے پیمانہ پر پیداوار کریں گے جس کے نتیجہ میں اکتوبر میں بھی سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کے آثار ہیں۔فی الحال حیدرآباد کی تقریبا 80فیصد سبزیوں کو اضلاع سے لایا جارہا ہے ۔کچھ سبزیوں کی قیمتیں اس طرح ہیں:ٹماٹر10روپئے کیلو،بیگن 20روپئے کیلو،ہری مرچ 30روپئے ،کریلا25روپئے کیلو،ترائی 25روپئے کیلو،گوبھی 10روپئے ،دونڈے 20روپئے کیلو،سیم کی پھلی30روپئے کیلو،شلجم 15روپئے کیلو،کدو10روپئے ۔