حیدرآباد ۔ یکم جنوری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد ‘ ورنگل اور حیدرآباد میں کچھ مقامات پر شدید سردی کی لہر برقرا ررہنے کا امکان ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ حکام کے بموجب گدشتہ کئی دن سے جاری شدید سردی کی لہر کے نتیجہ میں ریاست میں کچھ مقامات پر عام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے ۔ عادل آباد ضلع انتظامیہ کی جانب سے شدید سردی کو دیکھتے ہوئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بس اسٹیشنوں یا دوسرے عام مقامات پر سونے والے افراد میں بلانکٹس وغیرہ کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ کلکٹر عادل آباد شریمتی دیویا دیوراجن نے ملازمین و دیگر سے اپیل کی تھی کہ وہ بے گھر اور بے سہارا افراد کیلئے شالیں وغیرہ فراہم کریں ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی اس اپیل پر ملازمین اور عوام کا رد عمل حوصلہ افزا رہا ہے ۔