تلنگانہ میں سردی کی لہر حیدرآباد کے درجہ حرارت میں کمی

   

حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سردی کی شدت میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ضلع عادل آباد میں اقل ترین درجہ حرارت 9.5 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔اضلاع جگتیال، کمرم بھیم آصف آباد میں دس ڈگری پیداپلی، کاماریڈی میں 11 ڈگری ملگ، ورنگل، جئے شنکربھوپال پلی میں 13 ڈگری سلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ سردی کی لہرمیں اضافہ کی وجہہ سے رات اورصبح کی اولین ساعتوں میں سڑکیں سنسنان نظرآرہی ہیں۔شام میں چھ بجے سے ہی سردی کی لہر شروع ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں لوگ شام اور صبح میں گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔ سردی کی لہر میں اضافہ کے ساتھ ہی سوئیٹرس کی خریداری میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ شمال۔مشرقی علاقوں سے آرہی ہواؤں کے نتیجہ میں حیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے ۔نہ صرف رات بلکہ دن میں بھی درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے ۔اگرچہ کہ شمال۔مشرقی علاقوں سے ہوائیں موسم سرما کے آغاز کے موقع پر آتی ہیں تاہم اس مرتبہ مشرقی ہوائیں سمندری علاقہ سے تلنگانہ میں آرہی ہیں۔اسی لئے درجہ حرارت معمول سے چار تا پانچ ڈگری کم ہوگیا ہے ۔