تلنگانہ میں سردی کی لہر ‘مزید 3 دن برقرار رہے گی

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں آئندہ دو دن شدید کہر اور سخت ترین سرد موسم برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ شمال مشرقی سمت سے جاری ہواؤں سے سرد طوفان کا خطرہ بڑھ گیا ہے جو عام طور پر موسم سرما سے زیادہ ہے۔ صبح کے اوقات میں گہرے کہر کے باعث عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ دو تا تین دنوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور اس سلسلہ میںوارننگ جاری کی ہے ۔ محکمہ کے مطابق ریاست کے بعض مقامات پر درجہ حرارت میں معمول سے 2 تا 4 ڈگری سیلسیس کمی کا امکان ہے ۔ محکمہ کے مطابق اقل ترین درجہ حرارت عادل آباد میں 5.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ میدک میں 7.2 ڈگری سیلسیس اور حیدرآباد میں 10.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی دوران تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے سنگا ریڈی ضلع کے کوہیر میں اقل ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا ہے جو 3.4 ڈگری سیلسیس بتایا گیا ہے ۔ عادل آباد اور آصف آباد میں بھی درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ سوسائٹی کے تلنگانہ میں 1044 آٹومیٹیڈ اسٹیشنس ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاس کی ہے کہ صبح کے اولین اوقات میں کہر چھایا رہے گا جبکہ رات کا درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔ تلنگانہ کے شمالی اور مغربی اضلاع میں سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ شہر میں رات کا درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے اور آئندہ دو دنوں میں سردی کی شدید لہر برقرار رہنے کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ریاست میں سردی کی لہر میں اضافہ کے باعث عوام کی بڑی تعداد کو گرم ملبوسات کی خریداری کرتے ہوئے دیکھا گیا۔