تلنگانہ میں سردی کی لہر میں کمی کا امکان

   

حیدرآباد۔ 6۔ جنوری(یواین آئی) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت میں کمی ہوسکتی ہے ۔ضلع عادل آباد میں کل شب اقل ترین درجہ حرارت 13ڈگری درج کیا گیا۔حیدرآباد اور ورنگل میں درجہ حرارت 14ڈگری سلسیس رہا۔دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔شام میں چھ بجے سے ہی سردی کی لہر شروع ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں لوگ شام اور صبح میں گھروں سے نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔شمالی ہند سے آرہی سرد ہواوں کے نتیجہ میں دونوں تلگو ریاستوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمال۔مشرقی علاقوں سے آرہی ہواوں کے نتیجہ میں حیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ ہورہا ہے ۔نہ صرف رات بلکہ دن میں بھی درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے ۔اگرچہ کہ شمال۔مشرقی علاقوں سے ہوائیں موسم سرما کے آغاز کے موقع پر آتی ہیں تاہم اس مرتبہ مشرقی ہوائیں سمندری علاقہ سے تلنگانہ میں آرہی ہیں۔اسی لئے درجہ حرارت معمول سے چار تا پانچ ڈگری کم ہوگیا ہے ۔تلنگانہ کے شمالی حصہ میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے ۔درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں لوگ گھروں تک ہی محدود رہنے کیلئے مجبور ہیں۔بعض مقامات پرلوگوں نے سڑکوں پر آگ جلاتے ہوئے سردی سے محفوظ رہنے کی کوشش کی ۔