تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے غیر مقیم ہندوستانیوں سے کے کویتا کی اپیل

   

حیدرآباد 15 جولائی( سیاست نیوز ) ٹی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا نے آسٹریلیا میں مقیم ہندوستانیوں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کریں۔ کویتا نے آج آسٹریلیا میں بونال تہوار میں شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ہندوستان میں سرمایہ کاروں کی جنت بن گیا ہے ۔ ریاست میں گذشتہ 9 برسوں میں 47 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ یہ ریاستی حکومت کی بہترین پالیسیوں اور اقدامات کے نتیجہ میں ہے ۔ ریاست میں کئی صنعتیں قائم کرنے کیلئے بڑے تاجر آگے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہر دوسرا آئی ٹی روزگار تلنگانہ میں دستیاب ہے ۔ ریاست میں فی الحال 9.5 لاکھ آئی ٹی ملازمتیں ہیں جبکہ ریاست کی تقسیم کے وقت 3.5 لاکھ رومگار تھے ۔ کویتا نے دعوی کیا کہ تلنگانہ نے ترقی کے اہم شعبہ جات میں تیز رفتار پیشرفت کی ہے ۔ ریاست کی جملہ گھریلو پیداوار کی شرح قومی اوسط سے بھی زیادہ ہے ۔ انہوں نے آسٹریلیا میں مقیم ہندوستانی باشندوں سے کہا کہ وہ مقامی قوانین کی پابندی کریں اور ایک معیاری زندگی بسر کریں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی سیاست میں بھی ہندوستانی باشندے موجود ہیں۔