تلنگانہ میں سرکاری مشنری کا بیجا استعمالانجنی کمار اور اسٹیفن رویندرا کے تبادلہ کا مطالبہ

   

الیکشن کمیشن سے کانگریس کی نمائندگی، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد26اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس نے فلاحی اسکیمات کی رقومات انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل جاری کرنے کا کے سی آر حکومت سے مطالبہ کیا۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے نمائندگی کرکے فلاحی اسکیمات کے فوائد استفادہ کنندگان کو 3 نومبر سے قبل جاری کرنے ہدایت دینے درخواست کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت فلاحی اسکیمات کے فوائد روک کر کانگریس کو ذمہ دار قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی فلاحی اسکیمات کی مخالفت نہیں کی بلکہ تمام بقایہ جات انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو ، رعیتو بندھو ، شادی مبارک ، کلیان لکشمی اور دیگر اسکیمات کیلئے کسانوں ، دلت ، بی سی ، مسلم اور دیگر طبقات کے استفادہ کنندگان کو رقومات جاری کی جائیں۔ کے سی آر حکومت انتخابی فائدہ کیلئے رقومات کی ادائیگی روک رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے کسانوں اور مختلف طبقات کو یقین دلایا کہ پارٹی برسر اقتدار آتے ہی 6 تیقنات پر عمل کیا جائے گا ۔ کے سی آر حکومت کی جانب سے سرکاری مشنری کے بیجا استعمال کا الزام عائد کرکے کمیشن سے مطالبہ کیا گیا کہ بی آر ایس ورکرس جیسا کام کررہے عہدیداروں کا تبادلہ کیا جائے۔ کانگریس نے ڈی جی پی انجنی کمار اور کمشنر سائبر آباد اسٹیفن رویندرا کے تبادلہ کی مانگ کی ۔ انہوں نے کہا کہ جیش رنجن ، اروند کمار اور سومیش کمار جیسے عہدیدار حکومت کے ایجنٹ جیسا کام کر رہے ہیں اور انہیں اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت بدعنوانیوں میں کے سی آر کا تحفظ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے قاعدگیوں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بدعنوانیوں کے مسئلہ پر کے سی آر کے جیل جانے کے دن قریب آچکے ہیں۔