تلنگانہ میں سرکاری ملازمتوں کیلئے EWS ریزرویشن میں ہنوز عمل درآمد نہیں

   

حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں معاشی طور پر کمزور طبقات (EWS) کے لئے 10 فیصد تحفظات کا اطلاق صرف اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں ہوگا نہ کہ سرکاری ملازمتوں کیلئے۔ یہ اس لئے ہے کیوں کہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (TSPSC) کو اس سلسلہ میں حکومت سے ابھی تک کوئی جی او موصول نہیں ہوا ہے۔ حال میں تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن (TSCHE) نے تعلیمی سال 2020 سے ای ڈبلیو ایس ریزرویشن پر عمل درآمد کرنے کے اس کے فیصلہ کا اعلان کیا۔ تاہم چونکہ ابھی یہ بحث چل رہی ہے کہ سرکاری ملازمتوں کے لئے EWS ریزرویشن پر کس طرح عمل درآمد کیا جائے گا، اس لئے اس پروسیس میں تاخیر ہوئی ہے۔ کمیشن کے ذرائع نے یہ بات کہی اور کہاکہ ہم حکومت کی جانب سے حکم جاری کئے جانے تک اس اسکیم پر عمل درآمد نہیں کرسکتے ہیں۔ ٹی ایس سی ایچ ای کے چیرمین ٹی پاپی ریڈی نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کے لئے سیٹس کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے ریزرویشن کا اطلاق تاکہ دوسرے ریزروڈ زمرے متاثر نہ ہوں۔ اس سال تک معاشی طور پر کمزور طبقات کے لئے تلنگانہ میں نیٹ میں شرکت کرنے والے طلبہ کے لئے ریزرویشن کا اطلاق ہورہا تھا لیکن اب تمام اہل امیدوار اعلیٰ تعلیم کے کورسیس میں داخلہ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں بشمول ایمسیٹ۔