تلنگانہ میں سرکاری ملازمین سے ناانصافی: جیون ریڈی

   

پی آر سی میں تاخیر افسوسناک، کے سی آر پڑوسی چیف منسٹر جگن سے سبق لیں
حیدرآباد۔ 19 فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے حکومت پر سرکاری ملازمین سے ناانصافی کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سرکاری ملازمین میں امید جاگی تھی کہ حکومت ان سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے گی لیکن گزشتہ چھ برسوں میں حکومت نے ملازمین کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے ساتھ حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ ایک طرف مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے تو دوسری طرف موجودہ ملازمین پر کام کے بوجھ میں اضافہ کردیا گیا۔ حکومت نے گزشتہ چھ برسوں میں برائے نام تقررات کئے جبکہ تلنگانہ تحریک کے دوران تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں میں خوشحالی پیدا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں سرکاری ملازمین کی تنظیمیں حکومتوں کے دبائو کے کام کررہی ہیں۔ ملازمین کی تنظیموں میں ہمت نہیں کہ وہ مسائل کے سلسلہ میں حکومت سے بات چیت کرے۔ سابق چیف منسٹر کے روشیا نے سرکاری ملازمین کے لیے 29 فیصد فٹ منٹ کا اعلان کیا تھا۔ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین پے ریویژن کمیشن کی سفارشات کا انتظار کررہے ہیں لیکن کسی نہ کسی بہانے کمیشن کی میعاد میں توسیع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کمیشن کی میعاد میں تازہ توسیع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کمیشن سے عبوری سفارشات حاصل کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کو راحت پہنچانی چاہئے۔ ٹی آر ایس نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ الائونس کا اعلان کیا لیکن دونوں وعدے عمل آوری کے منتظر ہیں۔ تلنگانہ میں گروپ۔I نوٹیفکیشن آج تک جاری نہیں ہوا ہے۔ جیون ریڈی نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ پڑوسی ریاست کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی سے سیکھیں جو سرکاری ملازمین کے حق میں کئی فیصلے کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں میں پھیلی بے چینی دور کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں سرکاری ملازمین کے رول کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ تنخواہوں پر نظرثانی ملازمین کا بنیادی حق ہے۔ حضورنگر ضمنی انتخابات سے قبل کے سی آر نے ملازمین کو بہت جلد پی آر سی کا تیقن دیا تھا لیکن ابھی تک پی آر سی کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ سابق میں 10اضلاع میں خدمات انجام دینے والے ملازمین اب 33 اضلاع میں کام کررہے ہیں۔ جگن موہن ریڈی نے ملازمین کے لیے عبوری راحت کا اعلان کیا ہے۔ گزیٹیڈ آفیسر اسوسی ایشن کے صدر سرینواس گوڑ کو کے سی آر کابینہ میں وزیر بنایا گیا اور انہیں ملازمین کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ اگر ملازمین کے مسائل کی یکسوئی میں دلچسپی نہ ہو تو سرینواس گوڑ کو وزارت سے مستعفی ہوجانا چاہئے۔