اقامتی اسکولوں سے پسماندہ اور اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم، وقار آباد میں جلسہ عام سے اسپیکر اسمبلی کا خطاب
حیدرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سماجی انصاف کی فراہمی کے ذریعہ تمام طبقات کو آبادی کے اعتبار سے حکومت کی اسکیمات میں حصہ داری کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے آج وقار آباد ضلع کے مرپلی منڈل میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے 16 فیٹ بلند مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ رکن قانون ساز کونسل ادنکی دیاکر اور مقامی عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔ اسپیکر نے اندراماں ہاوزنگ مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں بھومی پوجا انجام دی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے سماج کے تمام طبقات کو مساوی حقوق کے لئے دستور میں گنجائش فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایس سی طبقات کے لئے تحفظ اور مراعات ڈاکٹر امبیڈکر کا کارنامہ ہے۔ تعلیم، ملازمت اور سیاست میں ایس سی طبقات کی نمائندگی پر عمل آوری کے لئے کانگریس نے ملک گیر سطح پر جدوجہد کا آغاز کیا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی جانب سے فراہم کردہ تحفظات کے نتیجہ میں وہ وقار آباد سے نہ صرف اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے بلکہ اسپیکر کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی سے گلی تک اور پنچایت کی سطح پر سماجی انصاف کا جو نعرہ لگایا جارہا ہے وہ دراصل ڈاکٹر امبیڈکر کی مساعی کا نتیجہ ہے۔ تلنگانہ حکومت ریونت ریڈی کی قیادت میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی طبقات کی بھلائی کے لئے بجٹ میں 40232 کروڑ مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دلت، گریجن اور بی سی طلبہ کے ہاسٹلس میں 200 فیصد کاسمیٹک چارجس اور مس چارجس میں 40 فیصد کا اضافہ کیاگیا۔ 1