کشن ریڈی کا تاثر‘ نکلس روڈ پر پتنگ بازی میں شرکت
حیدرآباد : مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے سنکرانتی کے موقع پر نکلس روڈ پر پتنگ بازی پروگرام میں حصہ لیا اور تلنگانہ اور آندھراپریش کے عوام کو بی جے پی اور مرکزی حکومت کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ تہوار مستقبل میں ملک کے تمام شعبوں میں تبدیلی لائیگا ۔ کورونا بحران سے نمٹنے ویکسین دستیاب ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی سرکاری و خانگی شعبہ مالی مسائل سے دوچار ہیں ۔ وہ امید کرتے ہیں کہ سنکرانتی سے دوبارہ خوشحالی لوٹ آئیگی ۔ چار کمپنیوں نے کورونا ویکسین کی تیاری میں اہم رول ادا کیا ہے جن میں دو کا ہندوستان سے تعلق ہے ۔ ایک کمپنی تلنگانہ سے تعلق رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے نئے زرعی قوانین سے کسانوں کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی اور زرعی شعبہ میں نیا انقلاب برپا ہوگا ۔ حکومت کی نیت میں کوئی کھوٹ نہیں ہے ۔ کسانوں کو زیادہ پہنچانے نئے قوانین بنائے گئے لیکن اپوزیشن سیاسی فائدہ حاصل کرنے کسانوں کو گمراہ کر رہی ہیں ۔ انہوں نے 17 ستمبر سے متعلق کہا کہ اسی دن اصل کرانتی آئیگی ۔ انہوں نے کہا کہ جن توقعات کے ساتھ علحدہ تلنگانہ کی تحریک میں مجاہدین نے جان کی قربانیاں دی تھیں ابھی تک وہ سنہرے دن تلنگانہ میں نہیں آئے ۔ اس موقع پر قومی بی جے پی او بی سی مورچہ کے صدر ڈاکٹر لکشمن رکن قانون ساز کونسل رامچندر راؤ کے علاوہ دیگر بی جے پی قائدین نے شرکت کی ۔