تلنگانہ میں سوائن فلو کیسیس میں اضافہ ، دو ہفتوں میں 43 کیسیس ، جاریہ ماہ مزید اضافہ کا امکان

   

حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں سوائن فلو کیسیس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ گذشتہ دو ہفتوں میں 43 کیسیس کی اطلاعات ہیں اور ان میں کئی کیسیس حیدرآباد کے ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کیسیس میں جنوری میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے اور اس سلسلہ میں ہاسپٹلس کو ایک الرٹ روانہ کرتے ہوئے چوکس کیا گیا کہ وہ اس کے لیے تیار رہیں ۔ اسٹیٹ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ ’ تمام ڈسٹرکٹ اینڈ ایریا ہاسپٹلس کو سوائن فلو کے کیسیس کی تعداد میں امکانی اضافہ سے متعلق چوکس کیا گیا ہے جب کہ فی الوقت ان کیسیس کی زیادہ تر شہر اور اس کے اطراف کے خانگی ہاسپٹلس سے اطلاعات ہیں ۔ ماہ جنوری میں ان کیسیس کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔ اب تک 100 نمونوں میں سے 7% سے کم H1N1 وائرس کے لیے مثبت ہوئے ہیں ‘ ۔ نومبر کے آغاز سے ، جب سوائن فلو کیسیس میں عام طور پر اضافہ ہونا شروع ہوتا ہے ، ہاسپٹلس کو تین مرتبہ چوکس کیا گیا ہے وہ اس کے لیے الگ وارڈس تیار کریں ۔ تاہم اس سال ان کیسیس میں اضافہ دیر سے شروع ہوا اور زیادہ تر کیسیس کی گذشتہ پندرہ دن میں اطلاعات ملی ہیں ۔ عموما H1N1 وائرس درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ زیادہ ایکٹیو ہوجاتا ہے اور اس کی عام علامات ہوتی ہیں کھانسی ، سردی ، بخار ، جسم درد ہونا اور سانس لینے میں مشکل ۔ تیز بخار کے ساتھ کھانسی یا گلے میں خراش کے مریضوں کو اس کا زیادہ جوکھم ہوتا ہے جس میں حاملہ خواتین ، بچے ، عمر رسیدہ لوگ شامل ہیں ۔ ایک حالیہ مشورہ میں کہا گیا کہ ’ اس طرح کے مریضوں کو فوری گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جانا چاہئے اور پیڈیٹرک کیسیس کو نیلوفر ہاسپٹل سے رجوع کرنا چاہئے ، جہاں ٹرینڈ ٹیمس ، دیگر درکار ایکوپمـنٹ اور علاج کی سہولتیں ہیں ۔۔