تلنگانہ میں سڑک سلامتی پر بہت کچھ کرنے کی ضرورت

   

روڈ سیفٹی پر سپریم کورٹ کمیٹی کے چیرمین ابھئے منوہر سپرے کا بیان
حیدرآباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تاحال سڑک حادثات میں 6,690 لوگوں کی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روڈ سیفٹی پر سپریم کورٹ کمیٹی کے چیرمین ابھئے منوہر سپرے نے سڑک سلامتی کے لئے بہتر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کمیٹی کے چیرمین نے کل شہر میں ’سڑک سلامتی‘ پر ایک جائزہ اجلاس طلب کیا تھا جس میں اُنھوں نے سڑک سلامتی سے متعلق ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں عہدیداروں نے انہیں اس سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ انھوں نے کہاکہ حالانکہ چین، جاپان اور جرمنی جیسے ممالک میں حادثات زیادہ ہوتے ہیں لیکن ہلاکتیں چند ہزار ہوتی ہیں جبکہ ہندوستان میں ہر سال 1.5 لاکھ لوگوں کی سڑک حادثات میں ہلاکتیں ہورہی ہیں۔ اس کمیٹی کی جانب سے اس سلسلہ میں کی گئی حالیہ آڈٹ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تلنگانہ میں سڑک سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ منوہر سپرے نے بتایا کہ تلنگانہ میں سڑک حادثات میں ہونے والی 91 فیصد ہلاکتیں حد سے زیادہ رفتار کے باعث ہوتی ہیں۔ انھوں نے حکومت پر زور دیا کہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے کا تدارک کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت نے نان ۔ لیاپسیل روڈ سیفٹی فنڈ کے لئے 25 کروڑ روپئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی نے 1,839 کروڑ روپئے کے ساتھ ایک جامع روڈ مینٹیننس پروگرام شروع کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس سال 10,728 ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کئے ہیں جس میں حالت نشہ میں گاڑی چلانے پر 6,298 لائسنس کی منسوخی شامل ہے۔