تلنگانہ میں سیکولر حکومت کے باوجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں غیرسنجیدہ

   

مہاراشٹرا میں فرقہ پرست حکومت سے وقف بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات
حیدرآباد۔14۔جون(سیاست نیوز) فرقہ پرست مہاراشٹرا حکومت نے ریاست میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور وقف بورڈ کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کے طور پر آن لائن خدمات فراہم کرنے کے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے مہاراشٹرا وقف بورڈ میں داخل کی جانے والی درخواستوں کی یکسوئی اور اوقافی جائیدادوں کے آن لائن رجسٹریشن کے علاوہ ان کی تفصیلات فراہم کرنے کا آغاز کردیا ہے اور سیکولر حکومت تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں سنٹرل وقف کونسل کی ہدایات کے مطابق ریکارڈس کو آن لائن کرنے کا عمل تک مکمل نہیں کیا گیا ہے۔چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر ایکناتھ شنڈے نے ڈپٹی چیف منسٹر دیوندر فڈنویس اور رکن پارلیمنٹ جناب امتیاز جلیل کی موجود گی میں وقف جائیدادوں کے تحفظ اور دفتر وقف بورڈ میں آن لائن مسائل کے حل اور کاروائیوں کو یقینی بنانے کے عمل کا گذشتہ یوم آغاز کیا اور مہاراشٹرا وقف بورڈ کی ویب سائٹ کو اس قدر آسان بنایا گیا ہے کہ اس ویب سائٹ پر کوئی بھی مسلمان بہ آسانی وقف جائیداد کے ریکارڈ کا اندراج یقینی بناسکتا ہے ۔ مہاراشٹرا میں جہاں شیوسینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے اور شیوسینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے نظریات کس قدر آلودہ ہیں اس کا اندازہ لگانا دشوار نہیں ہے لیکن جناب امتیاز جلیل رکن پارلیمنٹ اورنگ آباد نے اس فرقہ پرست حکومت کو اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے آمادہ کرلیا لیکن تلنگانہ میں سیکولر کردار کی حامل حکومت کو اب تک مسلم وزیر‘ رکن پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل اس بات کے لئے قائل کروانے میں ناکام رہے ہیںاور ملک بھر میں نمبر ون سیکولر حکومت خود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے معاملہ میں سنجیدہ اقدامات کے لئے تیار نظر نہیں آتی۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر ایکناتھ شنڈے ‘ ڈپٹی چیف منسٹردیوندر فڈنویس اور دیگر کی موجودگی میں شروع کی گئی اس ویب سائٹ پر مہاراشٹرا کے کسی بھی ضلع سے تعلق میں موجود اوقافی ادارہ کے متعلق شکایت یا اس سے متعلقہ شخص مسئلہ کی یکسوئی یا تولیت اور انتظامی کمیٹی کے لئے درخواست داخل کرسکتا ہے۔ مہاراشٹرا ریاستی وقف بورڈ کا دفتر جو کہ ضلع اورنگ آباد میں ہے وہاں تک کسی کو جانا نہ پڑے اس کے لئے تیار کی گئی اس ویب سائٹ کو کارکرد رکھنے کے لئے اسے ریاستی حکومت کی ویب سائٹ سے مربوط کیا گیا ہے تاکہ وقف بورڈ میں داخل کی جانے والی درخواستوں پر عدم کاروائی کی صورت میں ریاستی حکومت کی جانب سے کاروائی کی جاسکے ۔مہاراشٹراریاستی وقف بورڈ کی ویب سائٹ پر سال 2018 تک کے گزٹ موجود ہیں اور ان تمام گزٹ کوعوامی مشاہدہ اور جانکاری کے لئے ویب سائٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ اگر کسی بھی جگہ پر کوئی قبضہ ہوتو عوام اپنے طور پر اس موقوفہ جائیداد کے تحفظ کے لئے آواز اٹھاسکیں۔تلنگانہ میں جہاں جملہ 32ہزار 158 موقوفہ ادارہ جات موجود ہیں اور ان ادارہ جات کے تحت جملہ 45ہزار 682 جائیدادیں ہیں ان جائیدادوں کے تحفظ کے لئے ریکارڈس کو آن لائن کرنے کا عمل کئی برسوں سے اب تک جاری ہے جسے مکمل کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لیا جا رہاہے ۔م