تلنگانہ میں شدید ترین سردی کی لہر ، عام زندگی مفلوج

,

   

آئندہ پانچ دن میں مزید اضافہ کی پیش قیاسی، عادل آباد سرد ترین مقام ، حیدرآباد ، ورنگل اور میدک بھی متاثر

حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر ( سیاست نیوز / پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں شدید سردی کی لہر کے سبب کئی علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے عوام کوخبردار کیا ہے کہ سردی کی لہر آئندہ پانچ دن تک جاری رہے گی ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اپنی یومیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ تلنگانہ میں عادل آباد 4 ڈگری اقل ترین درجہ کے ساتھ سرد ترین ضلع رہا ۔ میدک ، ورنگل اور حیدرآباد کے چند مقامات میں بھی سخت سردی ریکارڈ کی گئی ۔ اس محکمہ نے پیر کو ریکارڈ کردہ تفصیلات کے حوالے سے کہا کہ میدک ، ہنمکنڈہ ، راما گنڈم اور حیدرآباد میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اقل ترین درجہ حرارت 9، 9، 9 ،6رہا ۔ یہ اقل ترین درجہ حرارت معمول سے کم بتایا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی ایجنسیوں کے مطابق ضلع عادل آباد کے موضع آرسی میں پیر کی صبح اولین ساعتوں میں اقل ترین درجہ حرارت 2.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش پر شمالی اور شمال ۔ مشرقی سمت چلنے والی ہواؤں کو سردی میں شدت کی اصل وجہ بتایا گیا ہے ۔ سرد ترین موسمی حالات نے عوام کو اپنے گھروں میں بیٹھے رہنے پر مجبور کردیا ہے ۔ عادل آباد ضلع انتظامیہ کی طرف سے ضلع مستقر پر خصوصی شلٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ جہاں بے گھر افراد کو رات کے قیام کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ ویلفیر ہاسٹلس کے طلبہ میں بلینکٹس تقسیم کئے گئے ہیں ۔ بس اسٹیشنوں اور دیگر ایسے ہی عام مقامات پر رات کا قیام کرنے والوں کو بھی بلینکٹس دیئے گئے ہیں ۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں وسط ڈسمبر کے دوران طوفان ’’پتھائی ‘‘ کے موقع پر بھی تلنگانہ کے کئی مقامات پر احتیاطی اقدامات کی منصوبہ بندی کی جاچکی تھی ۔ ضلع عادل آباد میں شدید ترین سردی کے پیش نظر اسکولس 10بجے دن کے بجائے 10:30بجے دن شروع ہورہے ہیں ۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سردی میں گھومنے سے گریز کریں اور خود کو سرد موسمی حالات سے بچنے کیلئے کہا گیا ہے ۔