بیلٹ شاپس کے پرمٹس منسوخ کرنے ملو روی کا چیف منسٹر کو مکتوب
حیدرآباد۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست میں شراب کی فروخت پر قابو پانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دشا عصمت ریزی و قتل واقعہ کے پس منظر میں ملو روی نے یہ مکتوب روانہ کیا اور کہا کہ شراب کی فروخت عام ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں خواتین پر مظالم میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے دیئے گئے پرمٹ رومس اور بیلٹ شاپس کے اجازت ناموں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ملو روی نے کہا کہ قومی و ریاستی شاہراہوں پر شراب کی فروخت پر پابندی عائد کی جانی چاہئے۔ وزیر داخلہ نے اعلی سطحی اجلاس طلب کیا اور مختلف محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ملو روی نے کہا کہ اجلاس میں اگرچہ کئی طویل اور مختصر مدتی اقدامات طے کئے گئے تاہم حکومت کو شراب کی فروخت پر کنٹرول کرنے کے اقدامات کرنی چاہئے۔ شی ٹیمس کا استحکام زیرو ایف آئی آر سسٹم اور خاطیوں کی گرفتاری کے لیے عصری ایپ متعارف کرنے کے فیصلے خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین پر مظالم میں اضافہ افسوسناک ہے۔ اعلی سطحی اجلاس میں جو فیصلے لیئے گئے ہیں وہ اسی وقت مثبت نتائج فراہم کرسکتے ہیں جب شراب کی فروخت پر قابو پایا جائے۔ انہوں نے پرمٹ رومس اور بیلٹ شاپس کے اجازت ناموں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اہم شاہراہوں اور قومی شاہراہوں پر اس طرح کے اجازت ناموں سے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ خواتین پر مظالم کے واقعات میں زیادہ تر شراب کا اہم رول ہے۔ ملو روی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اہم اور قومی شاہراہوں پر مستقبل میں کوئی پرمٹ روم یا بیلٹ شاپ کی اجازت نہ دی جائے اور موجودہ اجازت ناموں کو منسوخ کیا جائے۔