تلنگانہ میں شراب کی فروخت پر پابندی کا مطالبہ

   

کانگریس ترجمان اندرا شوبھن کی گورنر سوندرا راجن سے ملاقات
حیدرآباد ۔18۔ فروری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کی ترجمان اندرا شوبھن نے آج گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے راج بھون میں ملاقات کرتے ہوئے شراب کی فروخت پر پابندی کا مطالبہ کیا۔ گورنر کو پیش کردہ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں جرائم میں اضافہ کی اہم وجہ شراب کی فروخت میں اضافہ ہے ۔ حکومت نے شراب کی فروخت کو عام کردیا ہے ۔ تلنگانہ کی ہر گلی میں بیلٹ شاپ قائم کی گئی ۔ آر ٹی آئی کے ذریعہ حاصل کردہ اطلاعات کے مطابق ریاست میں 17,952 شراب کی دکانیں ہیں۔ تلنگانہ حکومت آمدنی میں اضافہ کے لئے شراب کی فروخت کو عام کرچکی ہے۔ اندرا شوبھن نے کہا کہ شراب کو عام کرتے ہوئے عوام کی زندگی سے کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ ریاست میں مہیلا کمیشن کے قیام اور بیلٹ شاپس کو بند کرنے کے اقدامات کریں اور ریاست کو شراب سے پاک بنایا جائے۔ کانگریس ترجمان نے گورنر کو بتایا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کے خلاف مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اندرا پارک پر دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ شراب بندی کے لئے حکومت کو ہدایت دیں ۔