تلنگانہ میں صدفیصد خواندگی کے سی آر کا نشانہ: ونودکمار

   

ٹیچرس اور پنشنرس کے نمائندوں کی ملاقات، سال نو کیلنڈر کی اجرائی
حیدرآباد۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین (ٹی ایس ٹی یو) کے ریاستی قائدین کے ایک وفد نے آج نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار سے ملاقات کی اور سال نو کی مبارکباد پیش کی۔ ٹی ایس ٹی یو کے ریاستی صدر محمد عبداللہ، جنرل سکریٹری سی راجی ریڈی کی قیادت میں مختلف اضلاع کے نمائندوں نے ونود کمار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ونود کمار نے کہا کہ چیف منسٹر ریاست میں صدفیصد خواندگی کے نشانے کے ساتھ کام کررہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کوئی بھی بچہ ناخواندہ نہ رہے۔ تعلیم کے شعبے میں حکومت نے کئی انقلابی تبدیلیاں کی ہیں اور غریبوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے اقامتی اسکولوں کا جال بچھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب تلنگانہ خواندگی میں ملک میں سرفہرست رہے گا۔ ٹیچرس کے نمائندوں سے ونود کمار نے ا پیل کی کہ وہ چیف منسٹر کی اپیل کے مطابق کام کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں اہم رول ادا کریں۔ ونود کمار نے 2020ء کا کیلنڈر جاری کیا۔ اس موقع پر یونین کے دیگر عہدیداروں، معاون صدر نرسمہا ریڈی، نریندر ریڈی، سیتارام ریڈی، رحمت اللہ، سریندر، سرینواس ریڈی، کمریا، ستیہ نارائنا اور دوسرے موجود تھے۔ اسی دوران وظیفہ یاب عہدیداروں اور ملازمین کے نمائندوں نے بھی ونود کمار سے ملاقات کی۔ گورنمنٹ ریٹائرڈ ایمپلائز کے نمائندوں نے کہا کہ موجودہ سرکاری اور خانگی ملازمین کی تنحواہوں سے زیادہ انہیں پنشن حاصل ہورہا ہے۔ لہٰذا وہ سماج کے تئیں اپنی ذمہ دارایوں کو محسوس کرتے ہوئے حکومت کی اسکیمات اور چیف منسٹر کے سی آر کے خوابوں کی تکمیل کے لیے کام کریں گے۔ سرکاری خدمات سے ریٹائرڈمنٹ کے بعد طبی سہولتوں کی برقراری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نمائندوں نے کہا کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مستحکم ہیں۔ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کے لیے چیف منسٹر کی مساعی میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ ونود کمار نے پنشنرس اسوسی ایشن کے فیصلے کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سال 2020ء میں منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔