تلنگانہ میں طبی شعبہ ملک کیلئے رول ماڈل

   

شاد نگر میں یوم صحت پروگرام، ایم پی منے سرینواس ریڈی، رکن اسمبلی وائی انجیا یادو کا خطاب

شادنگر ۔ 15 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ حکومت نے محکمہ صحت کو جدید و عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے عوام کے لئے سہولت بخش بنائے رکھا ہے۔ مریضوں کے بہتر علاج کے لئے تعلقہ لیول منڈل لیول اور دیہی لیول تک بڑے اور چھوٹے ہاسپٹل کا قیام تلنگانہ حکومت نے عمل میں لایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار محبوب نگر ایم پی منے سرینواس ریڈی نے شاد نگر کے ایڈن پلازہ میں میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام تلنگانہ یوم صحت پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف منسٹرکے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ریاست میں ہر ایک شعبے کو بالخصوص محکمہ صحت کو بھی بہتر انداز میں ترقی فراہم کرتے ہوئے مریضوں کے بہتر سے بہتر علاج کے لئے عملی اقدامات تلنگانہ حکومت کر رہی ہے۔ مذکورہ پروگرام میں شادنگر ایم ایل اے انجیا یادو نے حصہ لیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ یوم تاسیس کے دہائی تقریبات کے ضمن میں منعقدہ پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس کو تمام سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کرتے ہوئے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ بہتر اور اعلی معیاری اور تجربہ کار ڈاکٹروں کی نگرانی میں مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔سی ایم کے سی آر کی رہنمائی میں صحت کا ہمارا تلنگانہ ماڈل ملک کے لئے ایک رول ماڈل بن گیا ہے۔تلنگانہ کے طبی شعبہ نے نو سالوں کے دوران غیر معمولی ترقی حاصل کی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ شادنگر ٹاؤن میں 21 کروڑ روپیوں کی لاگت سے 100 بستروں کے ہاسپٹل کی تعمیر کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔ شادنگر کے سرکاری ہاسپٹل میں 60 لاکھ کی لاگت سے 5 مشینوں کے ساتھ ایک ڈائیلاسیس سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ شاد نگر حلقہ میں 33 گاؤں کی ڈسپنسری، ایک بستی ڈسپنسری اور یو پی ایچ سی کو منظوری دی گئی ہے۔ شاد نگر حلقہ میں اب تک 8730 کے سی آر کٹس تقسیم کی جا چکی ہیں۔ آنکھوں کے معائنہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 1,71,577 لوگوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 29,162 لوگوں کو ریڈنگ عینک فراہم کی گئی ہیں۔ اور 16,306 لوگوں کو نسخے عینک کے لیے دیے گئے۔ آنکھوں کے معائنہ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں اب تک 1,21,789 آنکھوں کے معائنہ کیے جا چکے ہیں اور مزید آنکھوں کے معائنہ جاری ہیں، حلقہ میں حاملہ خواتین میں 607 نیوٹریشن کٹس تقسیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ بعد ازاں حاملہ خواتین میں نیوٹریشن کٹس تقسیم کی گئی۔ اس پروگرام میں میڈیکل اینڈ ہیلت سے وابستہ اعلی عہدیدار،شاد نگر اور اس کے اطراف واکناف کے ڈاکٹرس ، نرسیس، میڈیکل عملہ، مقامی سیاسی قائدین اور مقامی عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔